نئی دہلی، 27 مئی (یو این آئی) ٹاٹا گروپ کی ہوائی جہاز کمپنی ایئر انڈیا نے “ہوائی جہاز کے ایندھن (اے ٹی ایف) کی بلند قیمتوں کے پیش نظر” بین الاقوامی روٹس کے بعد اب گھریلو روٹس پر بھی پروازوں کی تعداد میں کٹوتی کا اعلان کیا ہے ۔ایئر لائنز کے ایک ترجمان نے چہارشنبہ کے روز بتایا کہ کمپنی نے جون سے اگست کے درمیان منتخب روٹس پر پروازوں کی تعداد کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ”ایندھن کی بڑھتی ہوئی قیمتوں کے سبب آپریشنل اخراجات پر مسلسل دباؤ کے باعث یہ فیصلے کیے گئے ہیں’ متاثرہ مسافروں کو متبادل بکنگ، بغیر جرمانہ تاریخ تبدیل کرنے یا مکمل ریفنڈ کا اختیار دیا جائے گا۔اس سے پہلے ، ایئر انڈیا نے جون سے اگست کے درمیان اپنی بین الاقوامی پروازوں کی تعداد میں تقریباً 30 فیصد کٹوتی کا اعلان کیا تھا۔ اس میں کچھ روٹس پر پروازیں مکمل طور پر بند کرنا اور کئی روٹس پر پروازوں کی تعداد میں کمی شامل ہے ۔ ترجمان کی جانب سے آج جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ ایئر لائنز مانگ اور آپریشنل حالات پر مسلسل نظر رکھے گی اور جیسے ہی حالات میں استحکام آئے گا، پروازوں میں کٹوتی ختم کر دی جائے گی۔