سوشیل میڈیا سے دور رہنے کا مشورہ، عازمین حج کے تربیتی کیمپ سے الحاج محمد سلیم اور علماء کا خطاب
حیدرآباد۔/22 مئی، ( سیاست نیوز) تلنگانہ حج کمیٹی کے زیر اہتمام عازمین حج کیلئے دوسرا تربیتی کیمپ آج مسجد بغدادی ٹیک نامپلی میں منعقد ہوا۔ صدرنشین حج کمیٹی الحاج محمد سلیم اور علمائے کرام نے عازمین حج سے خطاب کرتے ہوئے مناسک حج خشوع و خضوع سے ادا کرنے اور سعودی عرب میں قیام کے دوران عبادتوں پر توجہ دینے کی تلقین کی۔ صدرنشین محمد سلیم نے کہا کہ حج کمیٹی کی جانب سے عازمین حج کی روانگی سے واپسی تک بہتر انتظامات کئے جارہے ہیں اور عازمین کو صرف اور صرف عبادتوں پر توجہ دینی چاہیئے۔ انہوں نے کہاکہ ہر سال کی طرح تلنگانہ حج کمیٹی کو انتظامات کیلئے ریاستی حکومت کا مکمل تعاون حاصل ہے۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے عازمین حج کیلئے بہتر انتظامات کی ہدایت دی ہے اور ان کا کہنا ہے کہ عازمین حج کی خدمت دراصل اللہ کے مہمانوں کی خدمت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کی سعادت صرف ان ہی کو حاصل ہوتی ہے جنہیں اللہ تعالیٰ اپنے گھر کی حاضری کیلئے منتخب کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مناسک حج کے دوران شیطان کے وسوسوں سے بچنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے حج کے دوران ویڈیو گرافی، فوٹو گرافی اور سوشیل میڈیا کے استعمال سے سختی سے گریز کا مشورہ دیا اور کہا کہ حج کی سعادت کا حاصل ہونا خوش نصیبی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حج کمیٹی نے حج کیمپ اور ایرپورٹ کے انتظامات کو قطعیت دے دی ہے۔ مفتی صادق محی الدین فہیم، مولانا مفتی محمد تجمل حسین قاسمی، مفتی سید ضیاء الدین نقشبندی، مفتی سید امجد علی قاسمی نے مناسک حج اور آداب حج پر بیان کیا ۔ مولانا سید قبول بادشاہ شطاری صدر مجلس علمائے دکن نے آداب مدینہ منورہ پر خطاب کیا۔ جناب سید منیر الدین احمد مختار نے عازمین حج کو روانگی اور واپسی کے موقع پر ضروری احتیاط سے واقف کرایا۔ اس موقع پر عرفان شریف اسسٹنٹ ایگزیکیٹو آفیسر حج کمیٹی نے ویٹنگ لسٹ کے 553 عازمین سے خواہش کی کہ وہ جلد سے جلد اپنے پاسپورٹ اور ضروری دستاویزات حج کمیٹی میں جمع کرائیں۔ر