تہران۔ 16 نومبر (ایجنسیز) ایران نے واضح کیا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جاری جنگ کے مستقل خاتمہ اور امریکہ کی جانب سے اس کی شرائط پوری کیے جانے تک اقوام متحدہ کے معائنہ کاروں کو تباہ شدہ نیوکلیر تنصیبات تک رسائی نہیں دی جائے گی۔ ایران کے ایک سینئر عہدیدار نے یہ بات ایسے وقت کہی ہے جب بین الاقوامی جوہری توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) نے تہران سے نیوکلیر تنصیبات کے معائنہ کی بحالی کے لیے اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے اتوار کی رات ایک ٹیلی ویژن انٹرویو میں کہا کہ ایران کی شرائط پوری ہونے اور جنگ مستقل طور پر ختم ہونے تک آئی اے ای اے کو ان تنصیبات تک رسائی نہیں دی جائے گی۔ ان کے مطابق موجودہ حالات میں معائنہ کاروں کی واپسی ممکن نہیں ہے۔واضح رہے کہ گزشتہ سال اسرائیل کے ساتھ 12 روزہ جنگ کے دوران امریکہ نے بھی ایران کی نیوکلیر تنصیبات کو نشانہ بنایا تھا۔ اس کے بعد سے ان مقامات پر معائنوں کا سلسلہ معطل ہے۔ 28 فروری کو شروع ہونے والی مشرقِ وسطیٰ کی حالیہ جنگ کے دوران بھی ایرانی نیوکلیر تنصیبات پر حملے کیے گئے تھے۔ ان حملوں میں ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای بھی ہلاک ہوگئے تھے۔آئی اے ای اے کے معائنہ کاروں نے ستمبر میں ایران کے بوشہر جوہری بجلی گھر کا دورہ کیا تھا، تاہم نطنز، فردو اور اصفہان سمیت دیگر متاثرہ نیوکلیر مقامات تک انہیں رسائی حاصل نہیں ہوسکی۔ غریب آبادی نے تباہ شدہ تنصیبات کے معائنہ سے متعلق ایجنسی کی درخواست پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ بظاہر اس کا مقصد امریکی ہتھیاروں کی اثر پذیری کا جائزہ لینا ہے۔دوسری جانب مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کے خاتمہ کی کوششوں میں اب تک خاطر خواہ پیش رفت نہیں ہوسکی ہے۔ تہران آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے کے معاملہ پر امریکہ سے اپنے منجمد اثاثے بحال کرنے اور پابندیاں ختم کرنے سمیت متعدد شرائط پوری کرنے کا مطالبہ کررہا ہے۔ آبنائے ہرمز عالمی توانائی کی ترسیل کا ایک اہم سمندری راستہ ہے، جہاں ایران نے جاری تنازعہ کے دوران جہازوں کی آمدورفت محدود کر رکھی ہے۔