چیف منسٹر ریونت ریڈی کی اتم کمار اور سری ہری کے ساتھ وزیرِ اعظم مودی سے ملاقات ‘ کئی پراجیکٹس پر گفتگو
حیدرآباد، 15 نومبر (سیاست نیوز) وزیرِ آبپاشی و سیول سپلائز کیپٹن این اتم کمار ریڈی نے اتوار کو کہا کہ تلنگانہ نے بڑے آبپاشی پراجیکٹس کی تکمیل اور ایل نینو کے اثرات سے نمٹنے کیلئے زیرِ زمین پانی کی بازیابی اور تحفظ کے ایک جامع پروگرام پر عمل آوری کے لیے مرکز سے مزید 10,000 کروڑ روپے کی امداد طلب کی ہے۔وزیر اعظم نریندر مودی سے ملاقات کے بعد وزیرِ کھیل و امورِ نوجوانان واکیٹی سری ہری کے ہمراہ نئی دہلی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے اتم نے کہا کہ چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے، جن کے ہمراہ دونوں وزرا موجود تھے، وزیرِ اعظم کے سامنے آبپاشی سے متعلق کئی اہم مطالبات پیش کیے اور زیرِ التوا منظوریوں اور مرکز سے مالی امداد کے حصول میں ان کی ذاتی مداخلت کی درخواست کی۔ دونوں وزرا نے وضاحت کی کہ تلنگانہ پہلے ہی کئی آبپاشی پراجیکٹس میں خاطر خواہ سرمایہ کاری کر چکا ہے، لیکن زیرِ التوا ماحولیاتی منظوریوں، بین ریاستی مسائل اور فنڈز کی قلت کے باعث ان کی تکمیل اور انہیں کارکرد بنانے میں تاخیر ہو رہی ہے۔اتم نے کہا کہ ریاست نے خاص طور پر 2026-27 کیلئے اسپیشل اسسٹنس ٹو اسٹیٹس فار کیپٹل انویسٹمنٹ اسکیم کے تحت مزید 5,000 کروڑ روپے طلب کیے ہیں تاکہ ان بڑے اور اوسط آبپاشی پراجیکٹس کو مکمل کیا جا سکے جن پر 70 تا 90 فیصد پیشرفت ہو چکی ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ اگرچہ مرکزی بجٹ میں ریاستوں کی جانب سے سرمایہ کاری کیلئے اس اسکیم کے تحت 2 لاکھ کروڑ روپے مختص کرنے کا اعلان کیا گیا تھا، لیکن تلنگانہ کو صرف 1,457 کروڑ روپے ملے ہیں۔ ریاست نے مزید 5,000 کروڑ کیلئے تفصیلی یادداشت پیش کی ہے، جس میں وضاحت کی گئی کہ کئی آبپاشی پراجیکٹس تکمیل کے آخری مرحلے میں ہیں اور انہیں کارکرد بنانے صرف آخری 10 تا 30 فیصد فنڈز درکار ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بروقت 5,000 کروڑ کی فراہمی سے یہ پراجیکٹس ایک سال میںمکمل کیے جا سکتے ہیں، جس سے خاطر خواہ نیا اور مستحکم آیاکٹ یقینی آبپاشی کے دائرہ میں آ جائے گا، اس کے علاوہ زرعی آمدنی، دیہی روزگار اور ملک کی غذائی اجناس کی پیداوار میں بھی اضافہ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے پاس 31 مارچ 2027 کی مقررہ آخری تاریخ کے اندر اضافی فنڈز کے استعمال کیلئے ضروری عمل کا نظام، ادارہ جاتی صلاحیت اور مالیاتی انتظام کا نظام موجود ہے، جس میں PFMS اور سنگل نوڈل ایجنسی کے ضوابط کی تعمیل بھی ممکن ہوسکتی ہے ۔ 1