دائیں بازو سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کا اتوار کو چارمینار سے بڑی ریالی ، ای ٹی نرسمہا
حیدرآباد۔26مارچ(سیاست نیوز) امریکہ او راسرائیل جانب سے ایران پر مسلط جنگ کے خلاف دائیںبازو سیاسی جماعتوں او رتنظیموں کے زیراہتمام تاریخی چارمینار تا نمائش میدان نامپلی ‘29مارچ بروز اتوارصبح 10:30بجے سے احتجاجی ریالی نکالی جائے گی ۔ اس ریالی میں مختلف سیاسی جماعتوں اور تنظیموں کے علاوہ مذہبی رہنمائوں ‘سماجی کارکنوں اور فلاحی کام انجام دینے والے اداروں نے شرکت کرنے کا اعلان کیا۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا( سی پی آئی) کی ریاستی عاملہ کے رکن ای ٹی نرسمہا نے مجوزہ ریالی کو کامیاب بنانے کی عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہاکہ امریکہ او راسرائیل نے زبردستی ایران پر جنگ مسلط کی مگر اس کے اثرات دنیابھر میںپڑرہے ہیں اور سب سے زیادہ متاثر ہندوستان ہورہا ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ وزیراعظم نریندر مودی کی خراب خارجی پالیسی کے نتیجے میں آج ہندوستان کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ہندوستان کی یہ طویل تاریخ رہی ہے کہ ہم نے ہمیشہ فلسطین اور ایران کی حمایت میںآواز بلند کی ہے مگر وزیراعظم نریندر مودی نے اسرائیل کی حمایت کرکے نہ صرف اپنی خارجی پالیسی کی ناکامی کا ثبوت پیش کیا بلکہ ساری دنیا میں ہندوستان کی شبہہ کو متاثر کیاہے۔ ای ٹی نرسمہا نے کہا کہ ٹرمپ آج ساری دنیا کے لئے پریشانی کاسبب بنے ہوئے ہیںاور ہندوستان کے وزیراعظم کی امریکہ صدر ٹرمپ کو خودسپردگی ہندوستان کی پریشانی کا سبب بن رہی ہے۔اسرائیل کو فادر لینڈ اور ہندوستان کو مدر لینڈ قراردینے پر مشتمل وزیراعظم نریندر مودی کے بیان کو ای ٹی نرسمہا نے بے شرمی قراردیا ۔کمزور قیادت کی وجہہ سے آج سارا ملک نہ صرف شرمسار ہے بلکہ وزیراعظم نریندر خود بھی ٹرمپ کے سامنے خود کو سرینڈر کردئے ہیں۔ای ٹی نرسمہا نے اگر ہندوستان کی باگ ڈور مودی جیسی قیادت میںبرقرار رہی تو ملک اور ہندوستانیوں دونوں کے لئے آنے والے دنوں میںمزید مشکلات پیش آئیں گے۔ای ٹی نرسمہا نے کہاکہ اب وقت آگیا ہے کہ ملک کو وزیراعظم نریندر کا حقیقی چہرہ دیکھائیں۔ انہوں نے جنگ کی مخالفت کرنے والے تمام لوگوں سے 29مارچ کو نکالی جانے والی ریالی میںشریک ہوکر ایران کے ساتھ اپنی بھرپور تائید وحمایت کا اعلان کرنے کی اپیل بھی کی ہے۔