ایس پی کا مطلب لوٹ کھسوٹ، ڈاکوؤں کا گروہ: یوگی

   

دیوریا (اتر پردیش)۔ 29 اگست (ایجنسیز) اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے ہفتہ کو سماج وادی پارٹی پر سخت حملہ کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ایس پی کا مطلب ہے لوٹ کھسوٹ، ایس پی کا مطلب ہے ڈاکوؤں کا ایک گروہ۔یوگی نے یہاں 305 کروڑ روپے سے زیادہ کی 80 ترقیاتی اسکیموں کا افتتاح اور سنگ بنیاد رکھنے کے بعد ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2017 سے پہلے کہاوت تھی۔ دیکھ سپائی، بیٹی گھبرائی۔لکھنؤ واقع جے پرکاش نارائن انٹرنیشنل سینٹر (جے پی این آئی سی) کی تعمیر میں بدعنوانی کا الزام لگاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اپنی عیاشی کیلئے ایس پی سربراہ نے ریاست کے خزانے میں جو ڈاکہ ڈالا، اس کیلئے عوام سے معافی مانگنی چاہیے۔ وزیر اعلیٰ نے دعویٰ کیا کہ پہلے ریاست میں مافیا کی متوازی حکومت چلتی تھی، لیکن آج اتر پردیش اپنے نام کے مطابق ترقی کر چکا ہے اور اب کوئی ریاست کو ’’بیمارو ریاست‘‘ یا ’’پرشن پردیش‘‘ نہیں کہتا۔یوگی نے کہا کہ اب اتر پردیش میں ’ایک ضلع، ایک مافیا‘ نہیں بلکہ ’ایک ضلع، ایک میڈیکل کالج‘ ہے۔ ہم نے مافیا کو مٹی میں ملا دیا تو انسیفلائٹس کا بھی خاتمہ کر دیا۔ وزیر اعلیٰ نے یہ بھی دعویٰ کیا کہ 2017 سے پہلے اتر پردیش میں نہ ترقی تھی، نہ سلامتی تھی اور نہ عزت تھی۔ نہ روزگار تھا، نہ غریبوں کیلئے گھر، بیت الخلا، ایل پی جی کنکشن، بجلی اور سڑکیں تھیں۔ اسکول نقل کے اڈے بن گئے تھے۔