تاشقند، 04 مئی (یو این آئی): ازبکستان کے شہر تاشقند میں منعقدہ ایشین باکسنگ انڈر15 اور انڈر17 چیمپئن شپ 2026 میں ہندوستان کے نوجوان باکسرز نے اپنی مہم کو جاری رکھتے ہوئے دونوں زمروں میں بہترین نتائج درج کیے ہیں۔ انڈر17 لڑکوں کے مقابلوں میں یادو یش (50 کلوگرام) نے ترکمانستان کے سلیمان احمدوف کے خلاف 0:5 کی یکطرفہ جیت حاصل کی، جبکہ کرونا البرٹسن کوم (60 کلوگرام) نے تاجکستان کے علی نزاروف کو 1:4 سے ہرا کر سب کو متاثر کیا۔ گوپال رمیشور گنیشے (52کلوگرام) کو ایک سخت مقابلے کے بعد تاجکستان کے نزاروف دامیر کے ہاتھوں 3:2 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا، جبکہ مشرا پرشانت (57 کلوگرام) کو چین کے تانگ جئے لیو کے خلاف 0:5 سے ناکامی ہوئی۔ انڈر-15 لڑکیوں کے کوارٹر فائنل میں خوشی رانا (49 کلوگرام) نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ویتنام کی تھی نوک ٹرک نگوین کو پہلے ہی راؤنڈ میں ‘آر ایس (سی آر ایس سی) کی بنیاد پر شکست دی۔ اسی طرح ہنشیکا اتری (46 کلوگرام) نے ازبکستان کی وسولا بختیورووا پر 0:5 سے قائل کن فتح حاصل کی، تاہم نتیا پانڈے (55 کلوگرام) نے سخت مقابلہ کیا لیکن وہ قازقستان کی ارونا شالمن سے ہار گئیں۔ انڈر15 لڑکوں کے ابتدائی راؤنڈ میں سمیر بوہرا ( 43 کلوگرام) نے چائنیز تائپے کے ہاؤ ٹنگ چانگ کو 0:5 سے شکست دے کر اپنی برتری ثابت کی۔ تاشقند میں جاری اس ٹورنامنٹ میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی جانب سے شاندار جیت اور سخت مقابلوں کے اس امتزاج نے ملک کی ابھرتی ہوئی باکسنگ صلاحیتوں کا بھرپور مظاہرہ کیا ہے ۔
پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز طے
لاہور، 6 مئی (یو این آئی) رواں برس اکتوبر اور نومبر میں پاکستان، انگلینڈ اور سری لنکا کے درمیان سہ ملکی ون ڈے سیریز کے انعقاد کی تصدیق ہو گئی ہے ۔ پاکستانی میڈیا رپورٹ کے مطابق سری لنکا کرکٹ بورڈ نے دورئہ پاکستان کے دوران سہ ملکی ون ڈے سیریز کھیلنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے ، جبکہ انگلینڈ پہلے ہی اس سیریز کے لیے آمادگی ظاہر کر چکا ہے۔ اطلاعات کے مطابق سیریز کے شیڈول کو جلد حتمی شکل دی جائے گی، جس کے بعد باضابطہ اعلان متوقع ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم سہ ملکی ون ڈے سیریز سے قبل پاکستان میں تین ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلے گی۔ علاوہ ازیں فیوچر ٹور پروگرام (ایف ٹی پی) کے تحت پاکستان اور سری لنکا کے درمیان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے دو ٹیسٹ میچز بھی شیڈول کا حصہ ہوں گے۔