ایم ایل اے کے قاتل کو بیٹی کی شادی کیلئے 15 دن کی پیرول

   

نئی دہلی: سپریم کورٹ نے چہارشنبہ کو بہار کے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے ایم ایل اے راج کشور کیسری کے قتل کے الزام میں عمر قید کی سزا کاٹ رہے ایک شخص کو بیٹی کی شادی میں شرکت کے لیے 15 دنوں کے پیرول پر رہا کرنے کا حکم دیا ہے ۔چیف جسٹس این۔ وی رمن کی سربراہی والی بنچ نے عرضی گزار روپم پاٹھک کی 15 دن کی پیرول کی درخواست قبول کرتے ہوئے اسے اس مدت کے بعد خودسپردگی کا حکم دیا۔ پاٹھک بہار کے پورنیہ سے اس وقت کے بی جے پی ایم ایل اے مسٹر کیسری کے قتل کے جرم میں عمر قید کی سزا کاٹ رہا ہے ۔درخواست کی سماعت کے دوران ایڈیشنل سالیسٹر جنرل ایس۔ وی راجو نے پیرول کی درخواست کی مخالفت نہیں کی۔ مسٹر راجو نے بتایا کہ عرضی گزار کی طرف سے دی گئی اطلاع کی بنیاد پر ہمیں اس بات کی تصدیق ہوئی ہے کہ اس کی بیٹی کی شادی ہونی ہے ۔ اس صورت میں پیرول کی اجازت دی جا سکتی ہے ۔اس معاملے میں سی بی آئی کی طرف سے عام طور پر اس طرح کی درخواستوں کی مخالفت کرنے پر جسٹس رمن نے کہاکہ اوہ! مسٹر راجو، آپ (سی بی آئی) نے پہلی بار غور کیا ہے ۔