حیدرآباد۔/26 مارچ، ( سیاست نیوز) کانگریس رکن قانون ساز کونسل ٹی جیون ریڈی نے اعتراف کیا کہ قانون ساز کونسل کی رکنیت کی عدم تجدید سے وہ ناراض ہیں۔ جگتیال میں میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے جیون ریڈی نے کہا کہ 29 مارچ کو ان کی میعاد مکمل ہورہی ہے اور انہیں امید تھی کہ کانگریس ہائی کمان خدمات اور کارکردگی کی بنیاد پر دوبارہ موقع دے گا لیکن انہیں مایوسی ہوئی ہے۔ جیون ریڈی نے کہا کہ توقع کے مطابق عہدہ کے عدم حصول کے نتیجہ میں ناراضگی ہر کسی کیلئے فطری ہے لیکن وہ کانگریس ہائی کمان کے فیصلہ کا احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ عہدہ کے کسی لالچ کے بغیر ہمیشہ عوام کے درمیان رہتے ہوئے خدمات انجام دیتے رہے ہیں اور آئندہ بھی خدمات جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ کانگریس ہائی کمان نے حال ہی میں ایم ایل اے کوٹہ کی 4 ایم ایل سی نشستوں کے انتخابات میں جیون ریڈی کو ٹکٹ نہیں دیا۔1