تفصیلات جمع کرنے ای ڈی وزارت ٹیلی کمیونیکیشن سے رجوع۔ ملزم امیت اروڑہ کو ایک ہفتہ کی تحویل میں دیا گیا
حیدرآباد۔ یکم ؍ ڈسمبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کی دختر و ٹی آر ایس ایم ایل سی کے کویتا کا نام دہلی شراب اسکام میں شامل ہونے کے بعد تلنگانہ کی سیاست میں نئی بحث شروع ہوگئی ہے۔ اپوزیشن کانگریس، بی جے پی، تلنگانہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی و دیگر کی جانب سے حکمران ٹی آر ایس کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ اس مسئلہ پر چیف منسٹر کے سی آر اور ٹی آر ایس ورکنگ صدر و کے ٹی راما راؤ خاموشی ہیں جبکہ کویتا اور ریاستی وزیر ہریش راؤ نے مرکزی حکومت، بی جے پی اور قومی تحقیقاتی ایجنسیوں پر برہمی کا اظہار کیا ہے۔ ملزم امیت اروڑہ کی ریمانڈ رپورٹ میں ای ڈی نے کویتا کا نام شامل کیا ہے۔ شراب اسکام میں کویتا کی جانب سے دو نمبرات پر مشتمل سیل فونس بار بار تبدیل کرنے کا تذکرہ کیا گیا ۔ امیت اروڑہ نے 11 مرتبہ اپنے سیل فون تبدیل کئے جبکہ کے کویتا نے ایک سیل کو 25 ڈسمبر 2021 سے 4 اپریل 2022 تک 6 مرتبہ تبدیل کیا ۔ اس کے علاوہ دوسرے نمبر پر موجود فون کو یکم ستمبر 2021 تا 22 اگسٹ 2022 4 مرتبہ تبدیل کیا ہے جس کا ای ڈی گہرائی سے جائزہ لے رہی ہے۔ اس کیس سے متعلق 36 افراد نے 170 فونس کو تبدیل کیا ہے۔ ان فونس کی مالیت 1.30 کروڑ روپئے بتائی گئی ۔ استعمال کے بعد بیشتر فونس کو تباہ کردیا گیا صرف 15 فونس کی تفصلات ملی ہیں۔ مزید فونس کی تفصیلات ملنے پر مزید انکشافات کی توقع ہے۔ ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ ای ڈی سے مرکزی وزارت ٹیلی کمیونیکیشن کو ایک مکتوب روانہ کرکے ( آئی ایم ای آئی ) کی بنیاد پر مزید تفصیلات فراہم کرنے کی خواہش کی گئی ہے۔ وزارت مواصلات ای ڈی سے مکمل تعاون کررہی ہے۔ پتہ چلا کہ ای ڈی حکام کویتا کو نوٹس روانہ کرنے یا عدالت سے اجازت لے کر گرفتار کرنے پر غور کررہے ہیں۔ دوسری طرف ریمانڈ رپورٹ میں کویتا کا نام شامل ہوجانے کے بعد چیف منسٹر اور ان کے ارکان خاندان کی جانب سے ماہرین قانون سے مشاورت کا بھی آغاز کردیا گیا ہے۔ن