شینزن، 6 ستمبر (آئی اے این ایس) عالمی نمبر ایک این سی یونگ نے اپنی شاندار2026 مہم کو جاری رکھتے ہوئے ٹوموکا میازاکی کو 21-17، 21-6 سے شکست دے کر مسلسل تیسری مرتبہ چائنا ماسٹرزکا خطاب اپنے نام کرلیا۔ اس کامیابی کے ساتھ جنوبی کوریا کی اسٹار کھلاڑی نے رواں سیزن کا ساتواں انفرادی خطاب بھی جیت لیا۔ این سی یونگ چائنا ماسٹرز میں مسلسل تین خطابات جیتنے والی پہلی کھلاڑی بن گئی ہیں۔ اس کے علاوہ میازاکی کے خلاف ان کا ناقابل شکست ریکارڈ 8-0 ہوگیا ہے۔ اولمپک اور عالمی چمپئن نے پورے ٹورنمنٹ کے دوران ایک بھی گیم نہیں گنوائی اور ان کی کسی بھی حریف نے ایک میچ میں 28 سے زیادہ پوائنٹس حاصل نہیں کیے۔ بی ڈبلیو ایف کے حوالے سے این سی یونگ نے کہا مجھے اپنے آپ پر بہت فخر ہے۔ میں نتیجہ سے بہت خوش ہوں اور مجھے بہت اچھا محسوس ہورہا ہے۔جنوبی کوریا کی کھلاڑی نے گزشتہ سال 11 خطابات جیت کر ایک سیزن میں سب سے زیادہ خطابات جیتنے کے ریکارڈ کی برابری کی تھی اور اب وہ اس ریکارڈ کو توڑنے کی جانب بڑھ رہی ہیں۔ تاہم این سی یونگ نے ابھرتی ہوئی نئی نسل سے ملنے والے بڑھتے ہوئے چیلنج سے خبردار رہتے ہوئے کہا کہ کسی بھی مقابلے کو آسان نہیں سمجھا جاسکتا۔انہوں نے کہا بہت سی نئی کھلاڑی سامنے آرہی ہیں اور چیلنج پیش کر رہی ہیں۔ میرے خیال میں کسی بھی میچ کو ہلکا نہیں لیا جاسکتا۔ انہوں نے اپنی کارکردگی میں مسلسل بہتری لانے کی اہمیت پر بھی زور دیا۔عالمی نمبر 9 میازاکی نے فائنل کے آغاز میں بھرپور مزاحمت کی۔ انہوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے این سی یونگ کو کورٹ کے چاروں جانب دوڑایا اور ان کی رفتار کو متاثر کرنے کی کوشش کی۔