این محمد فاروق نے آندھراپردیش عازمین حج کے قافلہ کو وداع کیا

   

آئندہ سال سے ایک لاکھ روپئے سبسیڈی ، حیدرآباد سے 1170 آندھرائی عازمین کی سعودی عرب روانگی
حیدرآباد ۔ 19۔ مئی (سیاست نیوز) آندھراپردیش کے وزیر اقلیتی بہبود این محمد فاروق نے آندھراپردیش حج کمیٹی کے ذریعہ فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے روانہ ہونے والے عازمین کے قافلہ کو وداع کیا۔ تلنگانہ حکومت نے حیدرآباد امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے عازمین کے لئے حیدرآباد میں عارضی کیمپ منعقد کیا۔ لکڑی کا پل علاقہ میں واقع ایک فنکشن ہال میں آندھراپردیش کے عازمین کیلئے رہائش کا انتظام کیا گیا۔ علمائے اکرام کے ذریعہ عازمین حج کو مناسک حج سے متعلق تفصیلات کے لئے تقاریر کا اہتمام کیا گیا۔ آندھراپردیش حکومت کے مشیر برائے اقلیتی امور احمد شریف اور صدرنشین آندھراپردیش حج کمیٹی شیخ حسان باشاہ اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر اقلیتی بہبود این محمد فاروق نے بتایا کہ حج 2025 کیلئے آندھراپردیش سے 2500 درخواستیں داخل کی گئیں اور 1630 عازمین حج نے روانگی کا فیصلہ کیا۔ حیدرآباد سے 1170 عازمین روانہ ہوں گے جبکہ بنگلور سے 451 اور چینائی سے 9 عازمین کی روانگی عمل میں آئے گی۔ آندھراپردیش حج کمیٹی کے لئے 20 کروڑ بجٹ مختص کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وجئے واڑہ امبارکیشن پوائنٹ سے روانہ ہونے والے عازمین کے لئے حکومت نے ایک لاکھ روپئے امداد کا اعلان کیا۔ وجئے واڑہ سے حیدرآباد پہنچنے والے تقریباً 80 عازمین حکومت کی سبسیڈی کے مستحق ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جاریہ سال وجئے واڑہ سے عازمین حج کی روانگی کا انتظام نہیں ہے اور آئندہ سال امبارکیشن پوائنٹ کے آغاز کے بعد تمام عازمین کو ایک لاکھ روپئے سبسیڈی فراہم کی جائے گی۔ این محمد فاروق کے مطابق اقلیتی بہبود کیلئے 3430 کروڑ بجٹ مختص کیا گیا ہے۔ حیدرآباد سے روانہ ہونے والے آج کے قافلہ میں آندھراپردیش کے 240 عازمین شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھراپردیش میں چندرا بابو نائیڈو حکومت نے حیدرآباد میں حج ہاؤز تعمیر کیا تھا۔ آندھراپردیش کے عازمین کیلئے وجئے واڑہ میں حج ہاؤز کی تعمیر کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سابق جگن موہن ریڈی حکومت نے کڑپہ میں حج ہاؤز کی تکمیل کیلئے فنڈس جاری نہیں کئے تھے۔ انہوں نے تلنگانہ حکومت سے اظہار تشکر کیا جس نے آندھراپردیش کے عازمین کیلئے حج ہاؤز اور ایرپورٹ پر مؤثر انتظامات کئے ہیں۔ آندھراپردیش سے 14 خادم الحجاج روانہ ہورہے ہیں۔ خادم الحجاج کو عازمین حج کی مؤثر رہنمائی کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش حکومت نے عازمین حج کو بہتر سہولتوں کی فراہمی کی ہدایت دی ہے۔ این محمد فاروق نے عازمین حج سے اپیل کی کہ ہندوستان میں امن و امان اور آندھراپردیش کی ترقی اور عوام کی بھلائی کیلئے خصوصی دعا کریں۔1