ایڈیٹر انچیف روزنامہ منصف خان لطیف محمد خان کا انتقال

, ,

   

شکاگو میں آج بعد نماز جمعہ تدفین عمل میں آئے گی

حیدرآباد : یہ خبر انتہائی افسوس کے ساتھ پڑھی جائے گی کہ ممتاز این آر آئی ایڈیٹر انچیف روزنامہ منصف و چیرمین سلطان العلوم ایجوکیشنل سوسائیٹی جناب خان لطیف محمد خان کا آج امریکہ کے شہر شکاگو میں مقامی وقت 11.30 اور 12.00 بجے دن کے درمیان مختصر علالت کے بعد انتقال ہوگیا ۔ ان کی میت کو مسلم کمیونٹی سنٹر شکاگو منتقل کیا گیا جہاں نماز جمعہ کے بعد شکاگو کے مسلم قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی ۔ خان لطیف محمد خان پندرہ روز قبل ہی حیدرآباد سے شکاگو روانہ ہوئے تھے ۔ آج اچانک طبیعت بگڑ گئی اور قلب پر حملہ کے بعد انہوں نے داعی اجل کو لبیک کہا ۔ انتقال کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی جس کے ساتھ ہی تصدیق کیلئے اخبارات کے دفاتر اور بطور خاص روزنامہ منصف کو فون کالس موصول ہونے شروع ہوگئے جن میں انتقال کی توثیق کی جا رہی تھی ۔ سوشیل میڈیا پر بھی یہ خبر تیزی کے ساتھ وائرل ہوگئی ۔ انتقال کی خبر کے ساتھ ہی روزنامہ منصف کے اسٹاف میں غم و اندوہ کی لہر دوڑ گئی ۔ جناب خان لطیف محمد خان نے 23 برس قبل روزنامہ منصف کو عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرتے ہوئے شائع کرنے کا سلسلہ شروع کیا تھا ۔ پسماندگان میں اہلیہ کے علاوہ دو فرزندان وسیم محمد خان اور ڈاکٹر اسلم محمد خان اور چار دختران شامل ہیں۔