نئی دہلی، 3 نومبر (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ نے انسدادِ منی لانڈرنگ قانون 2002 کے تحت ریلائنس انل دھیرو بھائی امبانی گروپ کے خلاف بڑی کارروائی کرتے ہوئے 510 کروڑ روپے کی اضافی جائیدادوں کو عارضی طور پر ضبط کرلیا ہے ۔ اس کے ساتھ ہی اس گروپ کے مختلف معاملات میں اب تک ضبط کی گئی جائیدادوں کی مجموعی مالیت تقریباً 23100 کروڑ روپے تک پہنچ گئی ہے ۔ای ڈی کی پریس ریلیز کے مطابق، یہ کارروائی ریلائنس کمیونیکیشنز لمیٹڈ (آر کام) اور ریلائنس ہوم فینانس لمیٹڈ/ریلائنس کمرشیل فینانس لمیٹڈ (آر ایچ ایف ایل/آر سی ایف ایل) کے بالترتیب 247.12 کروڑ روپے اور 263.05 کروڑ روپے کے بینک دھوکہ دہی کے معاملات سے متعلق ہے ۔آر کام معاملے میں مہاراشٹرا میں واقع 2 چارٹرڈ طیاروں، 6 زمین کے پلاٹوں اور ایک دفتری عمارت کو ضبط کیا گیا ہے ۔ وہیں، آر ایچ ایف ایل/آر سی ایف ایل معاملے میں ٹاملناڈو میں واقع 2 ہوا سے بجلی پیدا کرنے والی چکیاں، بینک میں جمع رقم، مقررہ مدت کی جمع پونجی اور سرمایہ کاری و قابل وصول رقوم شامل ہیں۔جانچ ایجنسی نے بتایا کہ یہ کارروائی سی بی آئی دہلی، ای او ڈبلیو دہلی اور ممبئی کی جانب سے درج مختلف ابتدائی رپورٹوں کی بنیاد پر شروع کی گئی تھی۔ ای ڈی کی جانچ میں انکشاف ہوا ہے کہ یہ گروپ بینکوں اور مالیاتی اداروں سے حاصل عوامی رقم کی خرد برد، کمپنیوں کی جائیدادوں کے ذاتی استعمال اور رقم کو بیرون ملک منتقل کرنے میں ملوث تھا۔ اس رقم کا ایک بڑا حصہ گروپ کے سرپرستوں اور ان کے اہل خانہ کے ذاتی فائدے کیلئے استعمال کیا گیا ۔ اس معاملے میں اب تک ای ڈی 10 افراد کو گرفتار کرچکی ہے ۔ اس کے علاوہ، پی ایم ایل اے کے تحت 6 استغاثہ کی شکایتیں اور فیما کے تحت ایک شکایت درج کی جاچکی ہے ۔ ایجنسی کے مطابق معاملے کی جانچ جاری ہے ۔