ای ڈی نے انیل امبانی کے اثاثے ضبط کئے

   

ممبئی، 4 نومبر (یو این آئی) انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ (ای ڈی) نے مبینہ مالی بے ضابطگیوں اور دھوکہ دہی سے متعلق جاری تحقیقات کے سلسلے میں انل امبانی گروپ کے مزید تقریباً 510 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے منسلک کرلیے ہیں۔ای ڈی کی جانب سے منسلک کیے گئے تازہ اثاثوں میں سے 247 کروڑ روپے کی جائیدادیں ریلائنس کمیونیکیشنز کے بینک فراڈ معاملے سے متعلق ہیں، جبکہ 263 کروڑ روپے مالیت کے اثاثے ریلائنس ہوم فائنانس اور ریلائنس کمرشیل فائنانس سے متعلق تحقیقات کے تحت منسلک کیے گئے ہیں۔تازہ کارروائی کے دوران دو چارٹرڈ طیاروں، زمین کے چھ پلاٹوں اور مہاراشٹر میں واقع ایک دفتری عمارت کو منسلک کیا گیا ہے ۔اس کے علاوہ ای ڈی نے تمل ناڈو میں واقع دو ونڈ ملز بھی ضبط کی ہیں۔ کارروائی میں بینک کھاتوں میں موجود رقوم، فکسڈ ڈپازٹس، مختلف سرمایہ کاریوں اور واجب الادا رقوم کو بھی شامل کیا گیا ہے ۔اس تازہ کارروائی کے بعد انل امبانی گروپ سے متعلق مختلف معاملات میں ای ڈی کی جانب سے اب تک منسلک کیے گئے اثاثوں کی مجموعی مالیت تقریباً 23,100 کروڑ روپے ہوگئی ہے ۔یہ کارروائی ایجنسی کی جانب سے انل امبانی گروپ سے متعلق متعدد معاملات میں جاری تحقیقات کا حصہ ہے ۔ ان تحقیقات میں مبینہ مالی بے ضابطگیوں، فنڈز کے غیر قانونی طور پر دوسرے مقاصد کے لیے استعمال اور بینکنگ فراڈ کے الزامات کی جانچ کی جارہی ہے ۔