اے آئی کے فوائد سب تک پہنچانے کی تجویز

   

منیلا ۔ 16 نومبر (آئی اے این ایس) جنوبی کوریا کے صدر لی جائے میونگ نے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے فوائد تمام افراد تک پہنچانے کیلئے جنوب مشرقی ایشیائی ممالک کی تنظیم (آسیان) کے ساتھ مشترکہ اقدامات کی تجویز پیش کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ عالمی حالات میں جنوبی کوریا اور آسیان کے درمیان تعاون اور یکجہتی کو مزید مضبوط بنانا ضروری ہے۔لی جائے میونگ نے پیر کو منیلا میں آسیان۔جنوبی کوریا سربراہی اجلاس کے افتتاحی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جغرافیائی سیاسی تنازعات میں اضافے اور اقتصادی غیر یقینی صورت حال کے پیش نظر دونوں فریقوں کے درمیان قریبی روابط اور باہمی تعاون کی اہمیت بڑھ گئی ہے۔جنوبی کوریا کے صدر نے آسیان اور کوریا کے آزاد تجارتی معاہدے کو مزید وسعت دینے کے لیے جاری مذاکرات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ عالمی تجارتی ماحول میں ہونے والی تبدیلیوں کا بروقت مقابلہ کرتے ہوئے دونوں فریق سالانہ باہمی تجارت کا حجم 300 ارب امریکی ڈالر تک پہنچانے کی کوشش کریں گے۔