بائیک کی مرمت میں تاخیر پر نوجوان نے شوروم کو آگ لگا دی

   

بنگلورو : کرناٹک میں ایک نوجوان نے الیکٹرک بائیک کی مرمت میں تاخیر پر برہم ہوکر شوروم کو ہی آگ لگادی۔میڈیا رپورٹ کے مطابق 26 سالہ نوجوان نے 28 اگست کو اسکوٹر خریدا تھا اور مسلسل تکنیکی مسائل کا سامنا کر رہا تھا۔ کمپنی کو متعدد شکایات کے باوجود شوروم کے عملے کی جانب سے مسئلہ حل نہ ہونے پر غصے میں آ کر اس نے یہ انتہائی قدم اٹھایا۔10 ستمبر کو ملزم نے پیٹرول خرید کر کلبرگی میں الیکٹرک بائیک کے شوروم کو آگ لگا دی۔ خوش قسمتی سے واقعہ میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا کیونکہ اس وقت شوروم بند تھا تاہم آتشزدگی سے 6 اسکوٹرز شدید متاثر ہوئیں۔ نقصان کا اندازہ تقریباً 8.5 لاکھ روپے لگایا گیا ہے۔پولیس نے ملزم کو حراست میں لے لیا ہے۔ پہلے آگ کی وجہ شارٹ سرکٹ سمجھی جا رہی تھی لیکن ملزم کے اقبال جرم کے بعد معاملہ واضح ہوگیا۔ الیکٹرک بائیک کمپنی نے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا تاکہ آئندہ ایسے واقعات کو روکا جا سکے۔