اسکیان کے ذریعہ شکایت کرنے کی سہولت، اندرون ہفتہ 15 بس شلٹرس میں اے سی کا احیا
حیدرآباد ۔ 15 مارچ (سیاست نیوز) جی ایچ ایم سی نے گریٹر حیدرآباد میں بس شلٹرس کے مسائل کی نشاندہی اور اس کے حل کیلئے ایک اختراعی پروگرام شروع کیا ہے۔ بلدیہ کی جانب سے شہر کے عوام کو بس شلٹرس میں کرسیاں، لائیٹس، فلورنگ، روپ، ڈسٹ بین اور آس پاس کے علاقوں میں صاف صفائی کے مناسب انتظامات جیسے مسائل کے بارے میں شکایت کرنے کا موقع فراہم کیا ہے۔ گریٹر حیدرآباد میں جی ایچ ایم سی کی زیرنگرانی قریباً 1200 بس شلٹرس ہیں۔ ان کے مسائل سے عہدیداروں کو شکایت کرنے کا موقع فراہم کیا گیا۔ ماضی میں جی ایچ ایم سی ہیڈ آفس زونل اور سرکل آفس میں شکایتیں کی جاتی تھی لیکن عوام کو نئی سہولت فراہم کرتے ہوئے صرف ایک اسکیان کے ذریعہ کہیں سے بھی شکایت درج کرانے کا موقع فراہم کیا گیا ہے۔ یہ شکایت جی ایچ ایم سی عہدیداروں کے ساتھ متعلقہ کنٹراکٹ ایجنسی تک پہنچ جائے گی۔ شکایت وصول ہونے کے فوری بعد کنٹراکٹ ایجنسی کے نمائندے وہاں پہنچ کر مسائل کی یکسوئی کریں گے۔ بس شلٹرس سے متعلق مسائل ہونے پر شکایت کرنے والے شہری کی ذمہ داری ہیکہ وہ مسئلہ حل ہونے کے بعد اپنی شکایت کو فوری بند کردیں اور حل شدہ مسئلہ کی تصویر ایپ میں اپ لوٹ کرنا ہوگا۔ موسم گرما کے پیش نظر جی ایچ ایم سی نے اے سی بس شلٹرس کا احیاء کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس سے متعلق کام شروع ہوگیا ہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اندرون ایک ہفتہ بس شلٹرس میں اے سی دستیاب ہوجائے گا۔ واضح رہیکہ سابق حکومت نے کروڑہا روپئے خرچ کرتے ہوئے 15 اے سی بس شلٹرس قائم کیا تھا، جس میں ایک بھی بس شلٹر میں مسافرین کو اے سی کی سہولت دستیاب نہیں ہے۔2