بلجیم کا شہری ایران میں جاسوسی کے الزام میں زیر حراست

   

تہران : ایران میں بلجیم کا ایک شہری گزشتہ چار ماہ سے حکام کی حراست میں ہے، جسے اپنے خلاف مبینہ جاسوسی کے الزامات کا سامنا ہے۔ زیر حراست شہری کی شناخت ظاہر کیے بغیر یہ بات منگل کے روز برسلز میں بلجیم کے وزیر انصاف کی طرف سے بتائی گئی۔ برسلز تہران کے ساتھ قیدیوں کے تبادلے کے ایک ممکنہ لیکن متنازعہ معاہدے پر دستخط کرنے پر بھی غور کر رہا ہے۔ بلجیم کے وزیر انصاف نے ملکی پارلیمان کو بتایا کہ اس شہری کو ایران میں 24 فروری کو گرفتار کیا گیا تھا اور اسے اب تک مبینہ طور پر غیر قانونی حراست میں رکھا جا رہا ہے۔ بلجیم میں گزشتہ برس دہشت گردی سے متعلقہ الزامات میں قصور وار قرار دیے جانے کے بعد ایک ایرانی سفارت کار کو 20 سال قید کی سزا بھی سنا دی گئی تھی۔