بیجنگ: مائیکرو سافٹ کے شریک بانی بل گیٹس جمعہ سولہ جون کو چین کے صدر شی جن پنگ سے بیجنگ میں ملاقات کی۔ یہ ملاقات ایک ایسے وقت ہوئی جب اتوار کے روز امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن چین کے متوقع دورے پر آرہے ہیں۔ چین کے سرکاری میڈیا کے مطابق صدر شی جن پنگ نے جمعہ 16جون کوبیجنگ میں گیٹس فاونڈیشن کے سربراہ بل گیٹس سے ملاقات کی۔ اس موقع پر صدر شی کا کہنا تھا کہ گیٹس وہ پہلے امریکی ہیں، جن سے وہ اس سال کے آغاز کے بعد سے اب تک ملے ہیں اور یہ کہ وہ دونوں ممالک کے درمیان مسلسل دوستی کی امید رکھتے ہیں۔ چین میں کووڈ کی سخت پابندیوں کے خاتمے کے بعد گیٹس فاونڈیشن کے سربراہ اس ملک کا دورہ کرنے والے مغرب کے چند نمایاں بزنس لیڈروں میں سے ایک ہیں۔ بل گیٹس نے اس سے پہلے سن 2019 میں چین کا دورہ کیا تھا۔ بل اور ملنڈا گیٹس فاونڈیشن نے چین کو ملیریا اور تپ دق کے خلاف اس کی کوششوں میں جمعرات کے روز 50 ملین ڈالر کی مدد دینے کا اعلان کیا۔ بل گیٹس نے بیجنگ میں واقع گلوبل ہیلتھ ڈسکوری انسٹی ٹیوٹ (جی ایچ ڈی ڈی آئی) کو بیجنگ میونسپل اور سنگھہوا یونیورسٹی کے تعاون سے تیار کیا ہے۔