بم دھماکہ کی دھمکی، پٹنہ سیول کورٹ میں دہشت

   

پٹنہ، 16 اکتوبر (یو این آئی) بہار کی راجدھانی میں پٹنہ سول کورٹ کے احاطے میں اس سال تیسری بار بم دھماکے کی دھمکی کا ای میل موصول ہونے کے بعد آج دہشت پھیل گئی اور عدالتی کارروائی روک دی گئی۔ ای میل موصول ہونے پر، پٹنہ سول کورٹ کے انچارج رجسٹرار نے فوری طور پر پولیس کو مطلع کیا اور اس کے نتیجے میں، ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے سکریٹری نے عدالت کے احاطے کو حفاظتی وجوہات کی بناء پر خالی کرنے کی درخواست کی۔ جس کے بعد تمام جوڈیشل افسران، عملہ اور عوام کو بتدریج سول کورٹ کے احاطے سے نکال دیا گیا اور احاطے میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی۔ انتظامیہ نے احاطے کو پرامن طور پر خالی کرانے کو یقینی بنایا۔ وکلاء نے بھی اپنے تمام جگہیں خالی کر دیں اور سول کورٹ کے احاطے سے باہر نکل گئے ۔ احاطہ خالی ہونے کے بعد عدالتی کارروائی مکمل طور پر روک دی گئی۔ اس دوران بم ڈسپوزل اسکواڈ، ڈاگ اسکواڈ اور پٹنہ پولس کے اعلیٰ حکام فوری طور پر سول کورٹ پہنچے اور کونے کونے میں تلاشی شروع کی۔