ایمسٹرڈم : ہالینڈ کی پارلیمان کی عمارت کو جمعرات کی سہ پہر بم الرٹ کے بعد تھوڑی دیر کیلئے خالی کرا لیا گیا لیکن بعد میں یہ الرٹ غلط ثابت ہوا ہے۔ڈچ پولیس کا کہنا ہیکہ دھماکہ خیز موادکاجائزہ لینے والی ایک ٹیم نے دی ہیگ کے مرکزی علاقہ میں واقع پارلیمان کی عمارت میں موجود ایک پیاکیج کی جانچ پڑتال کی تھی اور لوگوں کو وہاں سے نکلنے کا حکم دیا گیاتھا لیکن اس کے کوئی ایک گھنٹے کے بعدانھیں پارلیمان میں دوبارہ داخل ہونے کی اجازت دے دی گئی تھی۔ہالینڈکے اسلام مخالف سیاست دان گیرٹ وائلڈرز کا کہنا ہے کہ ان کے نام سے ایک جعلی بم والا پیکٹ پارلیمان کو خالی کرانے کی وجہ بنا ہے۔وائلڈرزنے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر اپنے پیغام میں کہا کہ ٹیڈی بیئراورتاروں پرمشتمل ایک پیاکیج پارلیمنٹ کے ڈاک کمرے میں پہنچایا گیا تھا لیکن خوش قسمتی سے یہ دھماکاخیزمواد کے بغیر اور خطرناک نہیں تھا۔