بندوق کے لائسنسوں کا جائزہ لینے کی ہدایت : ڈی جی پی

   

حیدرآباد ۔ 24 ۔ مئی : ( سیاست نیوز ) : ریاست تلنگانہ کے ڈی جی پی ڈاکٹر جتیندر نے تلنگانہ میں سلیپنگ سیل کی نگرانی کرتے ہوئے ناخوشگوار واقعات کو روکنے پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے پولیس کمشنروں اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو ہدایت دی کہ وہ ریاست بھر میں بندوق کے لائسنس ہولڈروں اور بندوقوں کے استعمال کا مکمل جائزہ لیں ۔ ڈی جی پی نے تلنگانہ میں جاری کردہ اسلحہ لائسنسوں کی موجودہ صورتحال کا جائزہ لیا اور پڑوسی علاقوں سے ریاست میں غیر قانونی آتشی اسلحہ کی اسملنگ کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا ۔ تلنگانہ میں کل 7125 ہتھیاروں کے لائسنس جاری کئے گئے ہیں جن میں 9294 آتشی اسلحہ شامل ہیں ۔ گزشتہ تین سال میں صرف 510 لائسنس جاری کئے گئے ۔ ڈی جی پی نے پولیس عہدیداروں کو ہدایت دی کہ وہ لائسنس دہندگان کی چھان بین کریں اور لائسنس کی تجدید صرف حقیقی وجوہات ہونے پر ہی کریں ۔ انہوں نے کھلاڑیوں اور شوٹرز کو جاری کئے گئے لائسنس پر بھی توجہ مرکوز کرنے کی ہدایت دی جو طویل عرصہ سے مقابلوں میں حصہ نہیں لیے ۔ ڈی جی پی نے لائسنس ہولڈرز جن کا تعلق حیدرآباد سے نہیں ہے انہیں نوٹس جاری کرنے کی ہدایت دی ۔ تمام ہتھیاروں کے لائسنسوں کو آرمس ایکٹ 2019 کی تعمیل کی جانی چاہئے ۔ لائسنس رینیول کے لیے آتشی اسلحہ کا مکمل ذکر کیا جانا چاہئے ورنہ ان کے لائسنس رینیول نہیں کئے جائیں گے ۔۔ ش