ڈرائیونگ لائسنس کیلئے یومیہ صرف 80 سلاٹ ، تعداد میں اضافہ کیلئے عوام کا مطالبہ
حیدرآباد۔17۔ستمبر۔(سیاست نیوز) بندلہ گوڑہ آرٹی اے آفس کے ساتھ روا محکمہ کے سلوک کے نتیجہ میں بندلہ گوڑہ آرٹی کی خدمات حاصل کرنے والوں کو دشواریوں کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ ساؤتھ زون آرٹی اے دفتر بندلہ گوڑہ میں لائسنس کے حصول کے لئے پرانے شہر کے عوام کو شدید مشکلات اور طویل انتظار کا سامنا کرناپڑرہا ہے حالانکہ دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد میں موجود آرٹی اے دفاتر میں شہریوں کے لئے فراہم کی جانے والی خدمات میں آسانیاں پیدا کی جا رہی ہیں لیکن ’بندلہ گوڑہ ‘ میں موجود پرانے شہر کے آر ٹی اے آفس میں مسائل کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بندلہ گوڑہ آرٹی اے آفس میں ڈرائیونگ لائسنس کے لئے آن لائن سلاٹ سسٹم یومیہ محض 80 درخواست گذاروں کو وقت فراہم کرنے کا اہل ہے جبکہ شہر کے دیگر آر ٹی اے دفاتر میں 150تا200 سلاٹ فراہم کرتے ہوئے ان درخواستوں کی یکسوئی کی جا رہی ہے ۔ بندلہ گوڑہ میں جہاں ڈرائیونگ ٹسٹ کا کارکرد گراؤنڈ موجود ہونے کے باوجود 80 سے زائد سلاٹ فراہم نہ کئے جانے کے سبب عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور دوسرے دن کی بکنگ فراہم کرنے سے بھی گریز کیا جا رہاہے جبکہ شہر کے دیگر آرٹی اے دفاتر میں زائد سلاٹس کے علاوہ فوری دوسرے دن کی بکنگ بھی فراہم کی جا رہی ہے۔ دونوں شہروں حیدرآبا دوسکندرآباد میں موجود آرٹی اے کے تمام دفاتر میں کسی بھی دفتر سے جاری کئے گئے لرننگ لائسنس کو قبول کرتے ہوئے مستقل لائسنس کی اجرائی کے اقدامات کئے جاتے ہیں اور درخواست گذار کسی بھی دفتر سے اپنے مستقل لائسنس کے حصول کو یقینی بنایا جاسکتا ہے لیکن بندلہ گوڑہ آرٹی اے دفتر اپنے ہی قوانین کے مطابق خدمات انجام دے رہا ہے کیونکہ شہر یا ریاست کے کسی اور آرٹی اے سے جاری کئے گئے ’’لرننگ لائسنس‘‘ کو بندلہ گوڑہ آرٹی اے آفس میں قبول کرنے سے انکار کیا جارہاہے جبکہ دونوں شہروں کے علاوہ کسی بھی مقام پر بندلہ گوڑہ آر ٹی اے سے جاری کردہ ’’لرننگ لائسنس‘‘ کو قبول کرتے ہوئے مستقل لائسنس کی اجرائی عمل میں لائی جارہی ہے۔ پرانے شہر کے آر ٹی اے دفتر میں خدمات انجام دینے والے عملہ سے اس سلسلہ میں دریافت کرنے پر کہا جارہاہے کہ سلاٹس میں اضافہ کا اختیار ان کے پاس نہیں ہے حالانکہ دفتر میں خدمات انجام دینے والوں کی کوئی قلت نہیں ہے اور نہ ہی سہولتوں کا فقدان ہے ۔ آرٹی اے دفتر بندلہ گوڑہ میں دیگر آرٹی اے دفاتر سے جاری کئے جانے والے ’’لرننگ لائسنس‘‘ کو قبول کرنے کے علاوہ ڈرائیونگ لائسنس کی اجرائی کے لئے ہونے والے ٹسٹ کے لئے 80 سلاٹ کی حد کو برخواست کرتے ہوئے اس میں اضافہ کے اقدامات کئے جانے چاہئے تاکہ پرانے شہر کے عوام کو ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لئے طویل انتظار نہ کرنا پڑے۔3/m/b