بنگلورو، 19 مئی (یو این آئی) کرناٹک کی راجدھانی بنگلورو کے کئی علاقوں میں اس سال اب تک کی سب سے زیادہ بارش کے بعد پانی جمع ہونے کی وجہ سے زندگی ٹھپ ہو کر رہ گئی ہے ۔ سائی لے آؤٹ بارش سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے علاقوں میں سے ایک ہے ۔ مقامی باشندوں نے آج یہاں بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں تقریباً 40 ملی میٹر بارش کے بعد مکانات میں پانی بھر جانے کی وجہ سے سامان بھیگ گیا اور گاڑیاں جزوی طور پر ڈوب گئیں۔ دریں اثنا، ہندوستان کے محکمہ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق بنگلورو میں آج صبح تک 10.3 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی اور کئی علاقوں میں ہوا کی رفتار 50 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی۔ محکمہ کے مطابق 23 مئی کو ریاست میں شدید بارش کے امکانات ہیں اور آنے والا ہفتہ بھی مرطوب اور ہنگامہ خیز رہ سکتا ہے ۔ آئی ایم ڈی کے مطابق ریاست کے 22 دیگر اضلاع کے ساتھ بنگلورو کے لیے یلو الرٹ جاری کیا گیا ہے ، جس میں 22 مئی تک مسلسل بارش اور آندھی کی وارننگ دی گئی ہے ۔