ڈھاکہ، 29 جون (یو این آئی) بنگلہ دیش میں کورونا انفیکشن (کووڈ- 19) سے دو افراد کی موت ہوگئی اور سات نئے معاملے درج کیے گئے ہیں۔بنگلہ دیش میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا انفیکشن سے دو افراد کی موت ہوئی جس کے بعد رواں ماہ اب تک ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 22 ہو گئی ہے ۔کووڈ 19 سے پہلی موت اس سال 5 جون کو راجدھانی ڈھاکہ میں درج کی گئی تھی۔ہفتہ کو مقامی وقت کے مطابق صبح 8 بجے تک 24 گھنٹوں میں یومیہ ٹیسٹ مثبت ہونے کی شرح 3.87 فیصد تک پہنچ گئی۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں 174 نمونوں کی جانچ کی گئی۔کئی پڑوسی ممالک میں کووڈ 19 انفیکشن کے معاملے میں دوبارہ سے اضافے کے درمیان، بنگلہ دیش کی عبوری حکومت نے لوگوں سے کہا ہے کہ جب تک ضروری ہو ان مقامات کا سفر کرنے سے گریز کریں۔ تمام بندرگاہوں پر ہیلتھ چیک اپ اور نگرانی کے اقدامات میں اضافے کی ہدایت بھی دی ہے ۔