بورویل سے چار سالہ بچے کو بحفاظت نکالا گیا

   

ہوشیارپور۔ 16 مئی (یو این آئی) پنجاب کے ضلع ہوشیار پور میں دسوہا روڈ پر واقع بھیخووال کے قریب گاؤں چک سمانہ میں ایک چار سالہ بچہ جمعہ کی شام اپنے گھر کے قریب کھیلتے ہوئے ایک کھلے بورویل میں گر گیا تھا، جسے ہفتہ کی صبح تقریباً نو گھنٹے طویل ریسکیو آپریشن کے بعد بحفاظت باہر نکال لیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ بچے کی شناخت گرکرن سنگھ کے طور پر ہوئی ہے ، جو تقریباً 20 سے 30 فٹ گہرے بورویل میں پھنس گیا تھا۔ ریسکیو ٹیم نے اسے رات تقریباً 12 بج کر 40 منٹ پر باہر نکالا اور فوراً طبی معائنہ اور علاج کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق، شام تقریباً 4 بجے جیسے ہی واقعے کی اطلاع ملی، انتظامیہ فوراً حرکت میں آ گئی۔ابتدائی طور پر ریسکیو ٹیم نے بچے کی حالت پر نظر رکھنے اور اسے آکسیجن فراہم کرنے کے لیے بورویل میں کیمرہ اور آکسیجن پائپ ڈالا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ریسکیو ٹیم نے تقریباً 25 سے 30 فٹ گہرا ایک متوازی گڑھا کھودا اور پھر بچے تک محفوظ طریقہ سے پہنچنے کر اسے باہر نکال لیا۔
اس دوران بھاری مشینری اور کھدائی کے آلات استعمال کیے گئے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس آپریشن میں این ڈی آر ایف کے 40 سے زائد اہلکار شامل تھے ۔