بھیونڈی میں ہجوم کا پولیس ٹیم پر حملہ ،چار افراد گرفتار

   

تھانے: بھیونڈی علاقے میں ایک ہجوم نے پولیس ٹیم پر حملہ کر دیا، جو ایک جنسی جرم کے ملزم کو گرفتار کرنے کی کوشش کر رہی تھی۔ پولیس کے مطابق، اس واقعے کے بعد تقریباً پچاس افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے ، جبکہ چار افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے ۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب پولیس کی ایک ٹیم جنسی حملے کے شکار کی ماں کا بیان ریکارڈ کرنے کیلئے ہاسپٹل پہنچی۔ وہاں ایک بڑا ہجوم جمع ہو گیا اور پولیس اہلکاروں نے مزید نفری طلب کی، تاہم جب تک اضافی پولیس فورس پہنچی، ہجوم منتشر ہو چکا تھا۔بعد ازاں، پولیس ٹیم ملزم کی تلاش میں نکلی اور ورہل دیوی مندر کے علاقے میں بیس سے پچیس نوجوانوں کے ایک گروپ کو کھڑا پایا۔ جب افسران نے ان سے پوچھ گچھ شروع کی تو ہجوم نے احتجاج کرنا شروع کر دیا اور پولیس اہلکاروں کو دھکے دینے لگے ۔ جلد ہی مزید لوگ موقع پر جمع ہو گئے اور صورتحال کشیدہ ہو گئی۔جھگڑے کے دوران ایک حملہ آور نے پولیس اہلکار پر پتھر پھینکا، جس سے وہ زخمی ہو گیا، جبکہ مشتعل ہجوم نے پولیس کی سرکاری گاڑی کو بھی نقصان پہنچایا اور اس کی کھڑکیاں توڑ دیں۔اس حملے کے بعد عوامی املاک کو نقصان پہنچانے اور بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی متعدد دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ۔ پولیس نے فوری کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کر لیا ہے ، جبکہ دیگر ملزمان کی شناخت اور گرفتاری کیلئے تحقیقات جاری ہیں۔