استاد کی عظمت

   

کسی بھی انسان کی کامیابی کے پیچھے اچھے استاد کی بہترین تربیت کار فرما ہوتی ہے ۔ خوش قسمت ہوتے ہیں وہ لوگ جن کی زندگی میں اچھے استاد میسر آجاتے ہیں ۔ ایک معمولی سے نوخیز بچے سے لے کر ایک کامیاب فرد تک سارا سفر اساتذہ کا مرہون منت ہے ۔ وہ ایک طالب علم میں جس طرح کا رنگ بھرنا چاہیں بھرسکتے ہیں ۔
کسی بھی انسان کی کامیابی کے پیچھے اچھے استاد کی بہترین تربیت کافرما ہوتی ہے ۔ استاد ایک چراغ ہے جو تاریک راہوں میں روشنی کے وجود کو برقرار رکھتا ہے ۔ اُستاد وہ پھول ہے جو اپنی خوشبو سے معاشرے میں امن محبت اور دوستی کا پیغام پہنچاتا ہے ۔ اُستاد ایک ایسا رہنما ہے جو آدمی کو زندگی کی گم راہیوں سے نکال کر منزل کی طرف گامزن کرتا ہے ۔ معاشرے میں جہاں ماں باپ کا کردار بچے کیلئے اہم ہے ۔ وہاں استاد کو بھی اہم مقام حاصل ہے ۔ ماں باپ بچوں کو لفظ بہ لفظ سکھاتے ہیں ، ان کی اچھی طرح سے نشو و نما کرتے ہیں ، ان کو اُٹھنے ، بیٹھنے اور چلنے کا سلیقہ سکھاتے ہیں مگر استاد وہ عظیم رہنما ہے جو آدمی کو انسان بنادیتا ہے ، آدمی کو حیوانیت کے چنگل سے نکال کر انسانیت کے گُر سے آشنا کرواتا ہے ۔ استاد آدمی کو یہ بتاتا ہے کہ معاشرہ میں لوگوں کے ساتھ کیسے رشتے قائم رکھنے چاہئیں ۔ استاد مینار نور ہے جو اندھیرے میں ہمیں راہ دکھلاتا ہے ۔ ایک سیڑھی ہے جو ہمیں بلندی پر پہنچادیتی ہے ۔ ایک انمول تحفہ ہے جس کے بغیر انسان ادھورا ہے ۔