بہادر پورہ تا آرام گھر فلائی اوور آئندہ دو ہفتوں میں عوام کیلئے کھولنے کا امکان

   

چیف منسٹر کے دورۂ پرانا شہر کے موقع پر با قاعدہ افتتاح کا پروگرام ‘ پل کے نام پر عوام میں تجسس

حیدرآباد۔10۔ڈسمبر(سیاست نیوز) بہادرپورہ تا آرام گھر فلائی اوور کی تعمیر مکمل ہوچکی ہے اور اس کا چیف منسٹر اے ریونت ریڈی نے ورچوول افتتاح بھی انجام دے دیا ہے لیکن اس فلائی اوور کو عوام کے لئے آئندہ دو ہفتوں کے دوران کھولے جانے کا امکان ہے کیونکہ چیف منسٹر اس فلائی اوور کا پرانے شہر کے دورہ کے دوران افتتاح انجام دینے کا منصوبہ رکھتے ہیں۔ 4.8 کیلو میٹر طویل شہر حیدرآباد کے اس دوسرے طویل ترین فلائی اوور کو SRDPکے تحت شرو ع کیا گیا تھا اور اس فلائی اوور کی مکمل تعمیر پر جملہ 636.8 کروڑ لاگت آئی ہے۔ اس فلائی اوور کے افتتاح کے سلسلہ میں گذشتہ دنوں تیاریاں کی جاچکی تھیں لیکن ناگزیر وجوہات کی بناء پر اس کا افتتاح انجام نہیں دیا جاسکا۔ نہرو زوالوجیکل پارک تا آرام گھر تعمیر کئے گئے اس فلائی اوور برج کو مختلف اہم شخصیات کے نام سے موسوم کرنے کے مسلسل مطالبات کئے جارہے ہیں لیکن مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد یا حکومت کی جانب سے تاحال اس فلائی اوور کو کس کے نام سے موسوم کیا جائے گا کوئی وضاحت نہیں کی گئی ہے۔چند برس قبل بہادرپورہ چوراہے پر تعمیر کئے گئے فلائی اوور کی تعمیر کے بعد بھی افتتاح سے قبل اس فلائی اوور کو مختلف اہم شخصیات سے موسوم کرنے کے مطالبہ نے زور پکڑلیا تھا لیکن اس فلائی اوور کو ابھی تک کسی سے موسوم نہیں کیاگیا ہے ۔ زوالوجیکل پارک سے آرام گھر تک نو تعمیر شدہ شہر حیدرآباد کے دوسرے طویل ترین فلائی اوور کو بانیٔ جامعہ نظامیہ فضیلت جنگ بہادر حضرت مولانا انوار اللہ فاروقی ؒ کے نام سے موسوم کرنے کے مطالبہ کے علاوہ اسے بانی دارالعلوم حیدرآباد حضرت مولانا حمید الدین عاقل حسامی ؒ سے موسوم کرنے کا مختلف سوشل میڈیا پلیٹ فارمس پر مطالبہ کیا جا رہاہے جبکہ بعض سماجی تنظیموں کے ذمہ داروں کی جانب سے اس فلائی اوور کو ہندوستانی سرحد پر ملک کی حفاظت کرتے ہوئے شہید ہونے والے لانس نائیک فیروز خان کے نام پرکرنے کے لئے نمائندگی کی جا رہی ہے اور اس سلسلہ میں مئیر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے علاوہ ضلع کلکٹرسے نمائندگی کرنے کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے اس دوسرے طویل ترین فلائی اوور کے افتتاح کی تقریب کے دوران چیف منسٹر کی جانب سے اس فلائی اوور کو شہر حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر سے تعلق رکھنے والی کسی اہم شخصیت کے نام سے موسوم کئے جانے امکانات ہیں اور کہا جار ہاہے کہ اس فلائی اوور کے ساتھ ساتھ بہادرپورہ چوراہے پر تعمیر کئے گئے فلائی اوور کو بھی کسی اہم شخصیت سے موسوم کیا جاسکتا ہے۔پل کے نام کولیکر عوام میں تجسس پایا جاتا ہے ۔3