بہار اسمبلی الیکشن کے پیش نظر ’ سوغات مودی ‘

   

مسلمانوں کے خلاف نفرت پیدا کرنے والی بی جے پی کا نیا حربہ
حیدرآباد۔26۔مارچ(سیاست نیوز) ملک بھر میں مسلمانوں کے متعلق نفرت کا ماحول پیدا کرنے والی بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقلیتی مورچہ نے ماہ رمضان المبارک کے دوران ’سوغات مودی‘ کے نام سے 32لاکھ غریب مسلم خاندانوں میں ’عیدی کٹس‘ کی تقسیم کا فیصلہ کیا ہے ۔ ملک بھر میں گذشتہ 10 برسوں کے دوران نفرت کے ماحول کو فروغ دینے والے سیاسی قائدین کی جانب سے بہار اسمبلی کے انتخابات کے پیش نظر کئے گئے فیصلہ کے تحت سوغات مودی کے نام پر غرے ب مسلمانوں میں مساجد کے توسط سے راشن کٹس کی تقسیم کے اقدامات شروع کئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پسماندہ طبقات کے نام پر بھارتیہ جنتا پارٹی اقلیتی مورچہ کی جانب سے یہ کٹس کی تقسیم عمل میں لائی جا رہی ہے اور ان کٹس کی تقسیم کے سلسلہ میں تیار کئے گئے منصوبہ میں ریاست بہار کو اہمیت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بتایاجاتاہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کے 32ہزار کارکنوں کو ’’سوغات مودی‘‘ کٹس کی تقسیم کے لئے ذمہ داریاں تفویض کی گئی ہیں۔قومی صدربھارتیہ جنتا پارٹی اقلیتی مورچہ جناب جمال صدیقی نے اس سلسلہ میں بتایا کہ ملک بھر میں 32لاکھ مسلمانوں تک پہنچنے کا جو منصوبہ تیار کیاگیا ہے اس کے مطابق 32ہزار کارکنوں کو یہ ذمہ داری دی گئی ہے کہ وہ عید الفطر سے قبل کم از کم 100 افراد سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں ’سوغات مودی‘ منصوبہ کے تحت دی جانے والی راشن کٹ جس میں اشیائے خورد و نوش و ملبوسات موجود ہیں وہ حوالہ کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ سابق میں اقلیتی مورچہ کی جانب سے ملک بھر میں مہم چلاتے ہوئے ’’مودی متر‘‘ بنائے گئے تھے اور اب ہندستان بھر میں 22لاکھ مودی متر موجود ہیں۔ جناب جمال صدیقی نے دعویٰ کیا کہ وزیر اعظم نریندر مودی سب کا ساتھ سب کا وکاس پر یقین رکھتے ہیں اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے اقلیتی مورچہ نے ملک میں پہلی مرتبہ اس طرح کی اسکیم ’’سوغات مودی‘‘ کے نام سے شروع کی ہے جو کہ پارٹی کے ذریعہ چلائی جا رہی ہے۔3