بہار وآسام میں سیلاب کی صورتحال ہنوز سنگین،100 اموات

,

   

لاکھوں افراد متاثر ، فصلوں کو شدید نقصان ،اترپردیش میں بھی قہر ، چیف منسٹر یوگی ادتیہ ناتھ کا فضائی دورہ

پٹنہ؍ گوہاٹی ۔ ملک کے شمالی حصوں میں سیلاب سے شدید نقصانات ہورہے ہیں۔ آسام اور بہار میں سیلاب کی صورتحال ہنوز سنگین ہے جہاں آسام میں 100 سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں جبکہ بہار میں 7 افراد کے فوت ہونے کی اطلاع ہے۔ آسام اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کی جانب سے جاری کردہ تازہ بلیٹن کے مطابق ریاست کے 23 اضلاع سیلاب سے شدید طور پر متاثر ہیں جہاں 25 لاکھ افراد پر سیلاب کا اثر ہوا ہے۔ 46 ہزار افراد کو سرکاری ریلیف کیمپس میں پناہ دی گئی ہے۔ تمام بڑی دریاؤں میں پانی کی سطح میں اتوار کو کمی دیکھی گئی۔ سنٹرل واٹر کمیشن نے منگل سے آسام اور میگھالیہ میں موسلادھار بارش کی پیش قیاسی کی ہے۔ آسام کا مشہور قاضی رنگا نیشنل پارک اور ٹائیگر ریزرو کا 85% حصہ زیرآب ہے۔ لاک ڈاؤن کے دوران مختلف شہروں سے اپنے آبائی مقامات کو واپس ہونے والے افراد اپنے بوسیدہ مکانات کی مرمت کررہے ہیں۔ بہار کے وزیر آبی وسائل سنجے کمار جھا نے بتایا کہ ریاست کی تمام دریاؤں کی سطح آب میں کمی واقع ہورہی ہے۔ آئندہ دو تا تین دنوں میں ان کی سطحوں میں مزید کمی کا امکان ہے۔ بہار میں 29 اور 30 جولائی کو اوسط تا شدید بارش کا امکان ہے۔ شمالی بہار میں سیلاب سے زائد از 15 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں۔ 625 پنچایتیں زیرآب آگئیں جس کے نتیجہ میں 1.4 لاکھ افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی نے بھی کل اپنے ’’من کی بات‘‘ پروگرام میں سیلاب سے متاثرہ ریاستوں کی صورتحال کا تذکرہ کیا اور کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ملک ان کے ساتھ کھڑا ہے۔ہر سال موسم برسات میں آسام ، بہار ، مغربی بنگال شدید بارش اور سیلاب سے متاثر ہوتے ہیں جہاں بڑے پیمانے پر اموات کے علاوہ مالی نقصانات کا بھی عوام کو سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اُدھر اترپردیش کے بھی کئی علاقے شدید بارش اور سیلاب سے متاثر ہیں۔ چیف منسٹر اترپردیش یوگی ادتیہ ناتھ نے کل ضلع گورکھپور کے زیرآب علاقوں کا فضائی دورہ کیا۔ فضائی معائنے کے بعد یوگی ادتیہ ناتھ نے محکمہ آبپاشی کے عہدیداروں کو صورتحال پر مسلسل نظر رکھنے کی ہدایت دی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ڈیمس کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں مناسب تعداد میں کشتیوں کا انتظام کرنے کی بھی ضلع انتظامیہ کو ہدایت دی گئی ہے۔ انہوں نے اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہاسپٹل کا بھی معائنہ کیا اور طبی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ ریلوے ہاسپٹل کے معائنے کے دوران یوگی ادتیہ ناتھ نے ریموٹ روبوٹک ٹرالی کا افتتاح کیا۔ اس کو کورونا وائرس کے مریضوں کے علاج میں مختلف مقاصد کے لئے استعمال کیا جارہا ہے۔ اس ٹرالی کے ذریعہ مریضوں اور ہاسپٹل عملہ کے دوران سماجی فاصلے کو برقرار رکھنے میں مدد مل رہی ہے۔ ٹرالی کے ذریعہ مریضوں تک فاصلے اور صفائی کی برقراری کے ساتھ غذا اور ادویات پہنچائی جارہی ہیں۔