ماسکو: بیلاروسی صدر الیگزینڈر لوکاشینکو نے کہا ہے کہ ان کے ملک کو روسی ٹیکٹیکل نیوکلیئر ہتھیاروں کی فراہمی شروع کر دی گئی ہے، جن میں سے کچھ ان کے بقول 1945 میں ہیروشیما اور ناگاساکی پر گرائے گئے ایٹم بموں سے تین گنا زیادہ طاقتور ہیں۔ سوویت یونین کے زوال کے بعد سے روس کے باہر ایسے وار ہیڈز کی تعیناتی ماسکو کا پہلا اقدام ہے۔یہ کم فاصلے کے کم طاقتور نیوکلیئر ہتھیار ہیں جو ممکنہ طور پر میدان جنگ میں استعمال کیے جا سکتے ہیں۔اس اقدام کو امریکہ اور اس کے اتحادیوں کے ساتھ ساتھ چین کی طرف سے بھی بغور دیکھا جا رہا ہے، جس نے یوکرین کی جنگ میں نیوکلیئر ہتھیاروں کے استعمال کیخلاف بارہا خبردار کیا ہے۔ہمارے پاس میزائل اور بم ہیں جو ہمیں روس سے ملے ہیں، لوکاشینکو نے روسیا-1 ٹی وی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا۔