بی آر ایس قائدین نے ریونت ریڈی کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرنے کا مطالبہ کیا

   

پرگتی بھون کو بم سے اڑانے کے ریمارکس پر ہنگامہ ، بی آر ایس کے قائدین کی ڈی جی پی کو یادداشت
حیدرآباد ۔ 8 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : بی آر ایس پارٹی قائدین نے پرگتی بھون کو بم سے اڑا دینے کا ریمارکس کرنے والے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی اے ریونت ریڈی کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے جیل بھیج دینے کا مطالبہ کیا ۔ آج ٹی آر ایس ایل پی میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ریاستی وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے کہا کہ ریونت ریڈی کی پدیاترا کو عوام کی تائید حاصل نہیں ہے جس سے ریونت ریڈی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے ہیں ۔ سستی شہرت حاصل کرنے غیر سماجی ریمارکس کررہے ہیں ۔ حکومت اور کے سی آر خاندان کے خلاف تنقیدیں کرنے اور ان پر جھوٹے الزامات عائد کرنے پر عوام ناراض ہوگئے ۔ جس سے خوفزدہ ریونت ریڈی گاڑی میں سوار ہو کر فرار ہوگئے ۔ ریونت ریڈی نے نکسلائٹس کو پرگتی بھون پر گرنائیڈس سے حملہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے ماحول بگاڑنے کی کوشش کی ہے جس کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے ریونت ریڈی سے فوری معذرت خواہی کرنے کا مطالبہ کیا بصورت دیگر سنگین نتائج کا انتباہ دیا ۔ ریونت ریڈی کے ریمارکس کی تائید کرتے کیا قائد مقننہ کانگریس ملو بٹی وکرامارک ، کے جانا ریڈی سے استفسار کیا ۔ نکسلائٹس پر امتناع عائد کرنے والی کانگریس کو اس طرح کے بیانات دینا زیب نہیں دیتا ۔ کانگریس پارٹی ریونت ریڈی کو تلنگانہ کا صدر بناتے ہوئے گاڈسے کے اصولوں کی حوصلہ افزائی کررہی ہے ۔ ٹی آر ایس کے ارکان قانون ساز کونسل پی راجیشور ریڈی ، ٹی رویندر راؤ ، ایل رمنا ، ٹی مدھو ، ایس راجو ، ڈی وٹھل نے ڈی جی پی انجنی کمار سے ملاقات کرتے ہوئے ریونت ریڈی کے خلاف کارروائی کرنے کا تحریری طور پر مطالبہ کیا ۔ غیر قانونی غیر سماجی ریمارکس کرنے والے ریونت ریڈی کے خلاف کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔ بی آر ایس کے ارکان اسمبلی پی سدرشن ریڈی ، جی وینکٹ رمنا ریڈی نے اسمبلی کے میڈیا پوائنٹ پر خطاب کرتے ہوئے صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے ریمارکس کی مذمت کی اور ان کے خلاف پی ڈی ایکٹ نافذ کرتے ہوئے قانونی کارروائی کرنے کا مطالبہ کیا ۔۔ ن