پریاگ راج میں چھاتروں کی گونج پروگرام کی منسوخی پر ردعمل ، مقررہ وقت پر پروگرام کی بھر پور کوشش
لکھنؤ۔6؍اگست ( ایجنسیز)کانگریس قائد راہول گاندھی کے پریاگ راج میں مجوزہ ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام کی بکنگ اچانک منسوخ ہونے پر کانگریس قائدین کا سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ کانگریس کا کہنا ہے کہ حکومت ڈری ہوئی ہے۔ جب بھی راہول گاندھی ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام کے ذریعہ طلبہ سے بات چیت کرتے ہیں تو ان کی راہ میں مشکلیں کھڑی کی جاتی ہیں۔ کانگریس جنرل سکریٹری اور وائناڈ سے رکن پارلیمنٹ پرینکا گاندھی نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے پروگرام کی بکنگ منسوخ ہونے پر حیرانی ظاہر کی اور کہا کہ پتہ نہیں وہ کس بات سے ڈرے ہوئے ہیں۔کانگریس کے راجیہ سبھا رکن پون کھیڑا نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ وہ (حکومت کے لوگ) راہول گاندھی سے ڈرتے ہیں۔ وہ ایوان میں بھی ان کا سامنا نہیں کرتے۔ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ چھاتروں کی گونج پروگرام ہو کر رہے گا۔ وہ ایوان کے اندر بھی ڈرے ہوئے ہیں اور باہر بھی۔ انہیں ڈرنے دیجیے۔ ہم بھی انہیں ہمیشہ ڈراتے رہیں گے۔پریاگ راج میں راہول گاندھی کے پروگرام کی بکنگ منسوخ ہونے پر کانگریس رکن پارلیمنٹ پرمود تیواری کا بھی ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بی جے پی کی ڈری ہوئی حکومتیں ہیں۔ دہرادون کے پروگرام میں بھی حکومت نے رکاوٹ ڈالی۔ پریاگ راج کے پروگرام میں بھی رکاوٹ ڈالی جا رہی ہے۔ ہم پوری کوشش کر رہے ہیں کہ راہول گاندھی کا پروگرام وقتِ مقررہ پر ہو۔اس سے قبل اتر پردیش کانگریس کے صدر اجے رائے کا بھی پریاگ راج میں ’چھاتروں کی گونج‘ پروگرام کی بکنگ منسوخ کرنے پر سخت ردعمل سامنے آیا ہے۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’ایکس‘ پر ایک ویڈیو بیان جاری کرتے ہوئے کہا کہ لوک سبھا میں قائد اپوزیشن راہول گاندھی کا 8 اگست کو پریاگ راج میں طلبہ سے بات چیت کرنے کا پروگرام ہے لیکن بی جے پی حکومت مکمل کوشش کر رہی ہے کہ راہول گاندھی کا پروگرام پریاگ راج میں نہ ہو سکے۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ پریاگ راج میں جہاں یہ پروگرام ہونا تھا وہاں کی اجازت دینے کے بعد اب اسے منسوخ کیا جا رہا ہے۔ بی جے پی نے ایسی ہی کوشش راجستھان کے کوٹہ اور اتراکھنڈ کے دہرادون میں کی تھی لیکن پروگرام ہو کر رہا تھا۔ اسی طرح بی جے پی حکومت کو پریاگ راج میں بھی پروگرام کی اجازت دینی پڑے گی۔ وہ راہول گاندھی اور نوجوانوں کی آواز نہیں دبا سکتے۔