لکھنؤ، 8 اگست (یو این آئی) سماجوادی پارٹی (ایس پی) کے صدر اکھلیش یادو نے ہفتہ کو بی جے پی حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے الزام لگایا کہ ریاست میں بجٹ کی لوٹ چل رہی ہے اور ہر محکمہ میں گھپلے ، گھوٹالے نیز بدعنوانی پھیلی ہوئی ہے ۔مسٹر یادو نے ایک بیان جاری کر کے کہا کہ جھوٹ، لوٹ اور بے ایمانی بی جے پی حکومت کی پہچان بن چکے ہیں۔ انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت میں ایکسپریس وے سمیت دیگر تعمیری کاموں میں بدعنوانی کے تمام ریکارڈ ٹوٹ گئے ہیں اور حال ہی میں بنے لکھنؤ ۔ کانپور ایکسپریس وے کی صورتحال اس کی مثال ہے ۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی حکومت میں تعمیر شدہ دیگر سڑکوں کا بھی یہی حال ہے ۔ سڑکوں کی تعمیر میں معیارات کو نظر انداز اور بڑے پیمانے پر بدعنوانی کی گئی ہے ۔ انہوں نے الزام لگایا کہ سب سے مہنگا ایکسپریس وے درجنوں مقامات پر دھنس گیا ہے ۔ ایس پی صدر نے جل جیون مشن پر بھی حکومت پر تنقید کی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ یہ اسکیم بی جے پی حکومت میں لوٹ کا مشن بن گئی ہے ۔مسٹر یادو نے کہا کہ ریاست میں جل جیون مشن کے تحت بنائی گئی کئی پانی کی ٹینکیاں یا تو ٹوٹ کر گر گئیں یا پانی بھرتے ہی نقصان زدہ ہو گئیں۔ انہوں نے کہا کہ پانی کی ٹانکیاں بی جے پی حکومت کی بدعنوانی کا بوجھ تک نہیں سہ پا رہی ہیں۔انہوں نے الزام لگایا کہ بی جے پی حکومت نے ریاست کے عوام کو ترقی کے نام پر صرف دھوکہ دیا ہے اور ہر طبقہ حکومت سے مایوس ہے ۔