آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے ترجمان اکھلیش پرتاپ سنگھ نے بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی حکومت پر ملک کے عوام کے ساتھ دھوکہ کرنے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ اس کا جواب عوام اپنے ووٹوں سے آئندہ انتخابات میں دیں گے۔ اکھیلیش پرتاپ سنگھ نے منگل کو یہاں پارٹی کے دفتر پر صحافیوں سے کہا کہ لوگوں کا ووٹ حاصل کرنے کے لئے بی جے پی نے وعدے تو بہت کئے، لیکن ان پر کھرا نہیں اتر پائی۔ بی جے پی نے باتیں تو بہت بڑی بڑی کی تھیں، لیکن وہ اپنی باتوں اور وعدوں پر کھری نہیں اتر سکی اور مکمل طور پر ملک کے عوام کے ساتھ دھوکہ کیا ۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے قومی صدر راہل گاندھی نے اعلان کیا ہے کہ اگر ہماری حکومت اقتدار میں آئی تو ملک کے تمام غریب لوگوں کو ‘کم از کم آمدنی کی ضمانت’ دی جائے گی۔ مودی حکومت پر طنز کستے ہوئے انہوں نے کہا کہ کیا بیرونی ممالک میں جمع کالا دھن ملک میں آ گیا۔ کیا ملک کے عوام کے اکاؤنٹس میں لاکھوں روپے آ گئے۔ کیا گنگا صاف ہو گئی۔ یہ سب ایسی چیزیں ہیں، جن کی باتیں کرکے مودی حکومت اقتدار میں آئی تھی۔ لیکن وہ اپنے وعدوں کو پورا نہیں کر سکی۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں واحد پارٹی کانگریس ہی ہے، جو ترقی کے معاملے پر آگے بڑھ رہی ہے اور اس بات کو ملک کے عوام اچھی طرح جانتے ہیں۔ آئندہ لوک سبھا انتخابات میں ملک کے عوام مودی حکومت کو اکھاڑ کر کانگریس کو مکمل اکثریت کے ساتھ ایک بار پھر اقتدار میں لائیں گے۔