بی جے پی قائدین کو فلاحی اسکیمات پر مباحث کا چیلنج: دیاکر راؤ

   

حیدرآباد۔/28 اگسٹ، ( سیاست نیوز) وزیر پنچایت راج ای دیاکر راؤ نے کہا کہ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں سے تلنگانہ کی فلاحی اسکیمات کا تقابل کریں تو اندازہ ہوگا کہ ملک کی کوئی بھی ریاست تلنگانہ کا مقابلہ نہیں کرسکتی۔ بی جے پی کو نشانہ بناتے ہوئے دیاکر راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت پر تنقید سے قبل بی جے پی قائدین کو اپنی ریاستوں کی اسکیمات کی وضاحت کرنی چاہیئے۔ ٹی آر ایس کی جانب سے عوام کو بی جے پی ریاستوں میں برائے نام اسکیمات کی تفصیلات سے واقف کرایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی قائدین کو اسکیمات کے مسئلہ پر مباحث کیلئے تیار رہنا چاہیئے۔ دیاکر راؤ نے ورنگل ضلع میں جے پی نڈا کے پروگرام کو ناکام قراردیا اور کہا کہ ورنگل کے عوام نے یہ ثابت کردیا کہ وہ فرقہ پرست طاقتوں کی ہرگز تائید نہیں کریں گے۔ مختلف اضلاع سے عوام کو جمع کرنے کی کوشش کی گئی لیکن ناکامی ہوئی۔ دیاکر راؤ نے کہا کہ پرجا سنگرام یاترا کے نام پر بی جے پی عوام میں نفرت پیدا کرنا چاہتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ انتخابات میں عوام ٹی آر ایس کو دوبارہ اقتدار حوالے کریں گے۔ر