بی جے پی و آر ایس ایس نے جمہوریت کو بھاری نقصان پہونچایا

,

   

کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر نشین سونیا گاندھی کا انٹرویو۔ کئی امور پر اظہار خیال

نئی دہلی 7 نومبر ( ایجنسیز ) کانگریس پارلیمانی پارٹی کی صدر نشین سونیا گاندھی نے دعوی کیا ہے کہ بی جے پی کی جانب سے اس ملک کی جمہوریت اور ملک کے اداروں کو اور خود ملک کو زبردست نقصان پہونچایا گیا ہے ۔ سونیا گاندھی نے اپنی سوانح حیات کی رسم اجرائی سے ایک دن قبل ایک انگریزی روزنامہ کو انٹرویو دیتے ہوئے کئی مسائل پر اظہار خیال کیا اور اپنی رائے بھی دی ۔ انہوں نے کہا کہ ہندوستان میں ایمرجنسی کے دوران جمہوری حقوق کو کم کیا گیا تھا تاہم یہ کام جمہوری انداز میں کیا گیا تھا ۔ انہوں نے بتایا کہ اس وقت انہیں اس صورتحال کی سنگینی کا اندازہ نہیں تھا تاہم بعد میں انہیں اس کی نوعیت کا پتہ چلا ہے ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ بی جے یپ اور آر ایس ایس نے اس ملک کو اور ملک کی جمہوریت اور ملک کے اداروں کو کافی نقصان پہونچایا ہے ۔ سونیا گاندھی نے اس خیال سے اتفاق نہیں کیا کہ ملک میں ایمرجنسی کے نفاذ کیلئے اندرا گاندھی نے صرف سنجے گاندھی کی بات سنی تھی ۔ سونیا گاندھی نے کہا کہ عوام میں اس طرح کا تاثرہے لیکن حقیقت یہ ہے کہ کئی عوامل تھے جن کے نتیجہ میں ایمرجنسی نافذ ہوئی تھی اور حالات کے مطابق فیصلے کئے گئے تھے ۔ سونیا گاندھی نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ کانگریس میں بھی کچھ قائدین اس خیال کے حامی تھی کہ سکیولرازم پر پارٹی کو اتنا سخت موقف اختیار نہیں کرنا چاہئے لیکن وہ پارٹی کا خیال نہیں تھا ۔ ہماری پالیسیوں اور عمل میں وہ سمجھتی ہیں کہ دستوری حقوق کے ساتھ پارٹی کھڑی ہے اور عوام کے عبادت کے حق اور ان کے مذہب پر عمل کرنے میں کوئی خوف نہیں ہونا چاہئے ۔ سونیا گاندھی نے اس بات کا اعتراف بھی کیا کہ جس وقت شرد پوار ‘ پی اے سنگما اور طارق انور جیسے قائدین نے ان کے خلاف بیرونی نژاد ہونے کا مسئلہ اٹھایا تھا تو انہیں تکلیف ہوئی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تمام ان کے ساتھی تھے اور ان پر یقین تھا ۔ تاہم انہوں نے واضح کردیا کہ وہ مجھے اپنا نہیں سمجھتے ۔ اس سے تکلیف ہوئی تھی ۔ انہوں نے اپنا عہدہ بھی چھوڑ دیا تھا تاہم بعد میں انہوں نے شخصی جذبات کو پس پشت ڈال کر بڑے مقصد کیلئے سیاسی زندگی کو جاری رکھنا ضروری سمجھا تھا ۔