بی جے پی کا لوک سبھا الیکشن میں خرچ 1737 کروڑ روپئے

   

نئی دہلی: بی جے پی نے 2024 کے لوک سبھا انتخابات کیلئے 1,737.68 کروڑ روپئے خرچ کیے۔ اس بات کا انکشاف پارٹی کی جانب سے الیکشن کمیشن آف انڈیا کو پیش کردہ اخراجات کی رپورٹ سے ہوا ہے۔ الیکشن کمیشن کو دی گئی رپورٹ میں پارٹی نے کہا ہے کہ خرچ کی گئی کل رقم میں سے 884.45 کروڑ روپئے پارٹی نے انتخابی مہم پر خرچ کئے۔ جبکہ امیدواروں کو اخراجات کیلئے 853.23 کروڑ روپے مختص کیے گئے تھے۔الیکشن کمیشن کو دی گئی رپورٹ میں بی جے پی نے کہا کہ کل رقم میں سے تقریباً 611.50 کروڑ روپے میڈیا اشتہارات پر خرچ ہوئے ہیں۔ جس میں پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں اشتہارات کے ساتھ ساتھ بلک ایس ایم ایس مہم بھی شامل ہے۔اس کے علاوہ اس میں ویب سائٹ، کیبل اور ٹی وی چینلون پر تشہیری مواد پر ہونے والے اخراجات بھی شامل ہیں۔55.75 کروڑ روپے اس کی انتخابی مہم کو فروغ دینے کیلئے بینرز، ہورڈنگز، پوسٹرز اور جھنڈوں جیسے تشہیری مواد پر بھی خرچ کیے گئے۔مہم سے متعلق سفری اخراجات پارٹی کے بجٹ کا ایک اور اہم جز تھے۔