بی جے پی کی عآپ ایم ایل اے کو توڑنے کیلئے رقم کی پیشکش

   

نئی دہلی: عام آدمی پارٹی (اے اے پی) نے چہارشنبہ کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) پر پارٹی میں شامل ہونے کے لئے عام آدمی پارٹی کے چار ممبران اسمبلی کو 20-20 کروڑ روپے کی پیشکش کا الزام لگایا۔راجیہ سبھا کے رکن سنجے سنگھ نے یہاں نامہ نگاروں کو بتایا کہ ایم ایل اے کو بی جے پی میں شامل نہ ہونے کی صورت میں سنٹرل بیورو آف انویسٹی گیشن (سی بی آئی) اور انفورسمنٹ ڈائریکٹوریٹ کے ذریعہ جانچ کی دھمکی بھی دی گئی تھی۔ سنگھ نے کہا کہ اجے دت، سنجیو جھا، سومناتھ بھارتی اور کلدیپ سے بی جے پی لیڈروں نے رابطہ کیا۔سنجے سنگھ نے کہاکہ انہوں نے نائب وزیر اعلی منیش سیسودیا کو دھمکی دینے کی کوشش کی اور اب دہلی کے ایم ایل اے کے بارے میں وہی حربے اپنا رہے ہیں۔ وہ ایم ایل اے کو توڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ایجنسیوں کی جانب سے انہیں زیر تفتیش لاکر تحقیقات کی دھمکیاں دی جارہی ہیں۔ پریس کانفرنس کے دوران عام آدمی پارٹی کے چاروں ممبران اسمبلی موجود تھے ، جنہیں بی جے پی میں شامل ہونے کی پیشکش کی گئی تھی۔