بی جے پی کے چند قائدین کی چیف منسٹر سے خفیہ ملاقاتیں : راجہ سنگھ

   

پرانے سامان کو پارٹی سے نکالنے تک پارٹی تلنگانہ میں اقتدار پر نہیں آئے گی
حیدرآباد ۔ 14 ۔ مارچ : ( سیاست نیوز) : بی جے پی کے قائد گوشہ محل حلقہ کے رکن اسمبلی راجہ سنگھ نے اپنی ہی پارٹی کے قائدین پر سنسنی خیز الزامات لگاتے ہوئے کہا کہ چند قائدین چیف منسٹر اے ریونت ریڈی سے خفیہ ملاقاتیں کررہے ہیں ۔ ایسے قائدین کو پارٹی سے باہر کرنے تک تلنگانہ میں بی جے پی اقتدار میں نہیں آئے گی ۔ بی جے پی کو تلنگانہ میں حکمرانی کرنا ہے تو پارٹی میں موجود پرانے سامان کو پارٹی سے بیدخل کرنا ضروری ہے ۔ پارٹی کی قومی قیادت کو اس پر سنجیدگی سے غور کرناچاہئے ۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ تلنگانہ بی جے پی میں ایسے بہت سے لوگ ہیں جو یہ کہتے ہیں یہ ’ میری اور میرے باپ کی پارٹی ‘ ہے ۔ ایسے لوگوں کو پارٹی سے الوداع کہنے پر ہی پارٹی کو اچھے دن آئیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ صرف یہ میری خواہش نہیں ہے بلکہ کئی سینئیر قائدین اور پارٹی کارکنوں کی بھی رائے ہے ۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ بی جے پی کے چند قائدین ریاست میں جو پارٹی کی حکومت ہے اس پارٹی کے سینئیر قائدین اور چیف منسٹر سے خفیہ ملاقاتیں کررہے ہیں ۔ ایسے قائدین کو پارٹی سے دور رکھنے کا مطالبہ کیا ۔ راجہ سنگھ نے کہا کہ تلنگانہ میں بی جے پی کی حکومت تشکیل پانے پر ہی ہندوؤں کی حفاظت ہوگی ۔ چند دنوں سے پارٹی کی سرگرمیوں سے دور رہنے والے راجہ سنگھ پارٹی کی تازہ حالات پر برسر عام ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی پارٹی کی قیادت ریڈی طبقہ کے کنٹرول میں ہے ۔ راجہ سنگھ نے ایک ماہ قبل پارٹی کی قومی قیادت کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے بتایا کہ ریاست میں کانگریس اور بی آر ایس کا مقابلہ کرنے کے لیے بی جے پی پارٹی میں ایس سی ، ایس ٹی ، بی سی اور اقلیتوں کو مناسب نمائندگی دی جانی چاہئے ۔ بی جے پی ضلعی صدور کے انتخاب پر بھی انہوں نے اپنی ناراضگی کا اظہار کیا تھا ۔ بی جے پی کے رکن اسمبلی نے ہندوؤں کے تہواروں پر کیوں تحدیدات عائد کی جارہی ہے ۔ ریاستی حکومت سے سوال کیا ہولی تہوار کے موقع پر پولیس کی تحدیدات پر ایک ویڈیو جاری کیا اور کہا کہ ہندوؤں کے صرف ایک دن کے تہوار پر اعتراض ہے ۔ عوام کو مشکلات پیدا نہ کرنے کا پولیس کی جانب سے انتباہ دیا جارہا ہے ۔ جب کہ رمضان 30 دن تک جاری رہتا ہے جس سے عوام کو کئی مشکلات پیش آتی ہے ۔ لیکن حکومت اور پولیس اس پر خاموشی اختیار کرتی ہے ۔۔ 2