تلنگانہ اسمبلی کا بجٹ سیشن 3 فروری سے شروع ہوگا

   

چیف منسٹر کے سی آر نے بجٹ 2023-24 تیاریوں کا جائزہ لیا ، 3 لاکھ کروڑ بجٹ کی پیشکشی متوقع
حیدرآباد ۔ 21 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : چیف منسٹر کے سی آر نے تلنگانہ کے بجٹ تجاویز 2023-24 کا جائزہ اجلاس طلب کیا ، مختلف محکمہ جات سے وصول بجٹ تجاویز پر تبادلہ خیال کیا ۔ 3 فروری سے اسمبلی بجٹ سیشن منعقد کیا جائیگا ۔ مالیاتی سال 2023-24 کے لیے 2.85 لاکھ کروڑ یا 3 لاکھ کروڑ کا تخمینہ بجٹ پیش ہونے کی توقع کی جارہی ہے ۔ 8 سال قبل تلنگانہ کی فی کس آمدنی 1.24 لاکھ روپئے تھی جو اب بڑھ کر 2.75 لاکھ تک پہونچ گئی ہے ۔ مرکزی حکومت کی جانب سے کئی مالی تحدیدات عائد کرنے کے باوجود تلنگانہ کی ریکارڈ سطح پر شرح نمو درج ہورہی ہے ۔ ہر سال مارچ کے پہلے ہفتہ میں اسمبلی کا بجٹ سیشن منعقد ہوتا تھا ۔ تاہم چیف منسٹر کے سی آر نے چند ماہ سے قومی سیاست پر اپنی توجہ مرکوز کی ہے ۔ تلنگانہ کی ترقی اور بہبود کو چیف منسٹر سارے ملک میں رول ماڈل کے طور پر پیش کررہے ہیں ۔ ملک کی کئی ریاستیں تلنگانہ کی ترقی کا جائزہ لے رہی ہیں ۔ قومی سیاست میں اہم رول ادا کرنے کا فیصلہ کرنے والے چیف منسٹر کے سی آر تلنگانہ بجٹ کو جلد از جلد منظوری دینے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ قومی سیاست میں سرگرمیاں تیز کی جاسکے ۔ مرکزی حکومت اپنا سالانہ بجٹ یکم فروری کو پیش کر رہی ہے جس سے ریاست کو مرکز سے وصول ہونے والے فنڈز کا اندازہ ہوجائے گا ۔ ایف آر بی ایم کی شکل میں ریاست کو کتنا فنڈز حاصل ہوگا اور ساتھ ہی مرکزی حکومت کے ٹیکس آمدنی میں ریاستوں کو کتنی آمدنی ہوگی اس کا واضح ثبوت مل جائے گا ۔ ایک ہفتہ تک مرکزی بجٹ کا جائزہ لیا جائے گا ۔ا س کے بعد تلنگانہ بجٹ پیش کرنے کی تیاریاں کی جارہی ہیں ۔ ن