تلنگانہ اضلاع میں جاریہ ہفتہ بارش کی پیش قیاسی

   

حیدرآباد۔11۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ کے بیشتر اضلاع میں جاریہ ہفتہ کے دوران موسلادھار بارشوں کی پیش قیاسی کرتے ہوئے محکمہ موسمیات کی جانب سے کئی اضلاع کے لئے ’’ریڈ الرٹ ‘‘ جاری کیا گیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ جنوبی ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں ہونے والی بارشیں 12 جون سے شمالی حصہ میں بھی پھیل جائیں گی اور جاریہ ہفتہ کے دوران مانسون کی بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا۔محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کردہ انتباہ میں 30 سے زائد اضلاع میں موسلادھار بارشوں کے علاوہ تیز رفتار آندھی کی پیش قیاسی کی گئی ہے اورکہا جارہا ہے 13جون تک ان اضلاع میں موسلادھار بارش ریکارڈ کی جائے گی ۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ نواحی علاقوں میں جاریہ ہفتہ کے دوران موسلادھار بارش کے امکانات ظاہر کئے جا رہے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ مذکورہ اضلاع کے علاوہ کئی مقامات پر بارشوں کا سلسلہ جاری رہے گا اور محکمہ موسمیات کے مطابق جن اضلاع کے لئے الرٹ جاری کیاگیا ہے ان میں حیدرآباد‘ رنگاریڈی ‘ میڑچل ۔ملکا جگری‘ وقار آباد‘ سنگا ریڈی ‘ محبوب نگر ‘ نلگنڈہ ‘ورنگل ‘ عادل آباد‘ نظام آباد ‘ کھمم‘ ناگر کرنول‘ نارائن پیٹ ‘ جوگولامبا گدوال‘ کاماریڈی کے علاوہ دیگر اضلاع شامل ہیں۔ 3