ہریانہ میں چارملزمین گرفتار،بڑے پیمانہ پر اسلحہ ضبط
حیدرآباد۔5مئی(یواین آئی) ملک کے بعض علاقوں میں مبینہ دھماکے کرنے کی سازش کے الزام میں پولیس نے لدھیانہ میں چار افراد کو گرفتار کرکے بڑے پیمانہ پر اسلحہ، دھماکو اشیا کو ضبط کرلیاجو تلنگانہ کے عادل آباد اور مہاراشٹرکے ناندیڑ کو سپلائی کرنے والے تھے ۔ ایس پی کرنال نے گرفتاری کی توثیق کی اور کہا کہ ملزمین پاکستانی شخص کے ساتھ رابطہ میں تھے جس نے ان سے خواہش کی تھی کہ یہ اسلحہ اور ہتھیارعادل آباد بھیجے جائیں۔ملزم گرمیت کو فیروزپور میں ڈرون کا استعمال کرکے سرحد پار سے دھماکو اشیا حاصل ہوئیں۔ قبل ازیں ملزمین نے ناندیڑ میں دھماکو اشیافراہم کی تھیں۔ پولیس نے کہاکہ ایک اطلاع پر چاردہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ان میں تین کا تعلق فیروزپوراورایک کا لدھیانہ سے ہے ۔ملزمین کی شناخت گرمیت، امن دیپ، پرمیندراوربھوپیندر کے طورپر کی گئی ۔انٹلی جنس اطلاع پر تلنگانہ، پنجاب و ہریانہ پولیس نے بین ریاستی آپریشن انجام دیتے ہوئے ان کو کرنال کی ٹول پلازہ سے گرفتارکیاجو مشتبہ انداز میں انوواگاڑی میں جارہے تھے ۔پولیس نے گاڑی کی تلاشی لی جس میں یہ بھاری اسلحہ اور دھماکو اشیا برآمد ہوئیں۔ان سے پوچھ گچھ کی جائے گی جس میں اہم معلومات حاصل ہونے کی توقع کی جارہی ہے ۔