قدیم زبانوں کی ترقی کیلئے فنڈس کی اجر ائی ، پارلیمنٹ میں مرکزی وزراء کا جواب
حیدرآباد ۔22 ۔ڈسمبر (سیاست نیوز) مرکزی وزیر امدادی باہمی امیت شاہ نے راجیہ سبھا میں بتایا کہ آندھراپردیش اور تلنگانہ میں امداد باہمی کے ادارہ خسارہ کا شکار ہے۔ آندھراپردیش میں 2046 پرائمری اگریکلچرل کوآپریٹیو سوسائٹی موجود ہیں اور 31 مارچ 2021 ء تک داخل کی گئی تفصیلات کے مطابق 1113 پرائمری اگریکلچرل کوآپریٹیو سوسائٹیز میں 241 ادارے خسارہ میں ہیں۔ تلنگانہ میں 906 اگریکلچرل کوآپریٹیو سوسائٹیز میں 605 کی تفصیلات داخل کی گئی ہیں جن میں 158 خسارہ میں ہیں۔ اسی سوال کا مملکتی وزیر امدادی باہمی نے راجیہ سبھا میں جواب دیا۔ مرکزی مملکتی وزیر تعلیم سبھاش سرکار نے پارلیمنٹ کو بتایا کہ حکومت قدیم زبانوں کی ترقی کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ ٹامل زبان کی ترقی کیلئے 43.70 کروڑ جاری کئے گئے ۔ تلگو زبان کی ترقی کیلئے 5.28 کروڑ ، کناڈا زبان کیلئے 4.53 کروڑ ، ملیالم کیلئے 2.58 کروڑ اور اوریا زبان کی ترقی کیلئے 2.43 کروڑ منظور کئے گئے۔ راجیہ سبھا میں اس مسئلہ پر تحریری جواب دیا گیا۔ مرکز ی مملکتی وزیر قبائلی بہبود نے بتایا کہ گریجن آبادی والے علاقوں کی ترقی کیلئے وزیراعظم کے آدرش گرام یوجنا کے تحت تلنگانہ کو 2021-22 ء میں 222 گاؤں کے لئے 22.62 کروڑ روپئے جاری کئے گئے۔ 2022-23 ء میں 97 دیہاتوں کیلئے 5.93 کروڑ کی اجرائی عمل میں آئی ہے۔ آندھراپردیش میں 2021-22 ء کے درمیان 109 دیہات اور 2022-23 ء میں 94 دیہاتوں کی ترقی کیلئے فنڈس جاری کئے گئے۔ پارلیمنٹ میں بتایا گیا کہ آندھراپردیش میں 2019 ء سے 2021 ء تک 55 اور تلنگانہ میں 152 کم عمری کی شادیاں ہوئی ہیں۔ پارلیمنٹ کو بتایا گیا کہ حیدرآباد سنٹرل یونیورسٹی کے لئے 91 مختلف جائیدادوں پر تقررات کی منظوری دی گئی ہے۔ر