تلنگانہ لبریشن ڈے سے متعلق اعلامیہ واپس لیا جائے

   

مرکز سے سی پی ایم سکریٹری ویرابھدرم کا مطالبہ
حیدرآباد 14 مارچ (سیاست نیوز) سی پی ایم کے ریاستی سکریٹری ٹی ویرابھدرم نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیاکہ 17 ستمبر کو تلنگانہ لبریشن ڈے منانے سے متعلق وزارت داخلہ کے اعلامیہ سے دستبرداری اختیار کی جائے۔ ٹی ویرابھدرم نے کہاکہ انتخابات سے عین قبل سیاسی مقصد براری کے لئے مرکزی حکومت نے تلنگانہ لبریشن ڈے منانے کا اعلان کیا ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ تلنگانہ لبریشن ڈے کا انعقاد لوک سبھا چناؤ میں فائدہ حاصل کرنے کی کوشش ہے۔ تلنگانہ مسلح جدوجہد میں جو لوگ شریک نہیں تھے وہ بھی آج لبریشن ڈے کی بات کررہے ہیں۔ ویرابھدرم نے کہاکہ اراضی کے حصول اور زمینداری نظام کے خلاف کمیونسٹ پارٹی کی قیادت میں جدوجہد کی گئی تھی۔ ٹی سوندریا، راوی نارائن ریڈی، ڈی وینکٹیشور راؤ جیسے قائدین نے جدوجہد کی قیادت کی۔ مسلح جدوجہد کے دوران انگریزوں کے خلاف جدوجہد آزادی جاری تھی اور نہرو اور سردار پٹیل نے میر عثمان علی خان سے مذاکرات کرتے ہوئے حیدرآباد اسٹیٹ کے انڈین یونین میں انضمام کو یقینی بنایا۔ نظام نے کسی بھی مزاحمت کے بغیر ہی انضمام سے اتفاق کیا۔ 17 ستمبر 1948 ء کو انضمام کے دستاویزات پر دستخط کئے گئے۔ اُنھوں نے بتایا کہ مرکز نے نظام میر عثمان علی خان کو راج پرمکھ مقرر کیا اور اُن کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی کیونکہ نظام نے انضمام سے اتفاق کیا تھا۔ اُنھوں نے کہاکہ بی جے پی انضمام حیدرآباد کو فرقہ وارانہ رنگ دیتے ہوئے سیاسی فائدہ حاصل کرنا چاہتی ہے۔ 1