تلنگانہ ملک کی دوسرے ریاستوں کیلئے مثالی ریاست

,

   

دیہی و شہری علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی ، یوم جمہوریہ تقریب سے گورنر کا خطاب

حیدرآباد : گورنر تلنگانہ ڈاکٹر تملی سائی سوندرا راجن نے ترقی اور بہبود کے علاوہ دیہی علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کے معاملے میں تلنگانہ ملک کی دیگر ریاستوں کیلئے مثالی ریاست قرار دیا ۔ آج پبلک گارڈن ( باغ عامہ ) میں منعقدہ 72ویں یوم جمہوریہ تقریب میں گورنر نے قومی پرچم لہرایا ۔ پولیس سے سلامی قبول کی بعد ازاں خطاب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا ۔ اس مو قع پر چیف منسٹر کے سی آر ، وزراء ، ارکان اسمبلی ،ارکان پارلیمنٹ اور ارکان قانون ساز کونسل نے شرکت کی ۔ گورنر سوندرا راجن نے ریاست کے عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں کئی نئے فلاحی اسکیمات متعارف کرائی گئی ہیں عوام کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے کئی ترقیاتی و تعمیری کاموں کا آغاز کیا گیا ہے ، کئی شعبوںمیں ریاست تلنگانہ ملک کی مختلف ریاستوں میں سرفہرست ہے۔ تلنگانہ کی تحریک چلانے والے قائد کو ہی عوام نے اقتدار کی باگ ڈور سونپی ہے جس کے نتائج 6 سال میں سامنے آرہے ہیں۔ ریاست تلنگانہ ترقی کی تیز رفتار پر ہے۔ کورونا بحران کے چیلنجس سے نمٹنے میں ریاستی حکومت نے بڑے پیمانے پر اقدامات تیار کئے ہیں۔ دیسی پہلا ٹیکہ تیار کرنے کا حیدرآباد کے بھارت بائیوٹیک کمپنی کو اعزاز حاصل ہوا ہے۔ انہوں نے بحران کے وقت خدمات انجام دینے والے فرنٹ لائن ورکرس سے اظہار تشکر کیا۔ گورنر نے کہا کہ کورونا بحران کے دوران ریاستی حکومت نے نقل مقام کرنے والے مزدوروں کو اپنے ذاتی مصارف سے ان کے آبائی مقام روانہ کیا۔ تلنگانہ حکومت پلے پرگتی پروگرام کے ذریعہ دیہی علاقوں کو بنیادی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے جو اقدامات کررہی ہے، وہ ملک کیلئے مثالی ہیں۔ ہریتا ہرم پروگرام میں جو پودے لگائے تھے، وہ 91% محفوظ ہے۔ 12 ہزار سے زیادہ ڈمپنگ یارڈس قائم کئے گئے ہیں۔ ہر گاؤں میں شمشان گھاٹ قائم کئے جارہے ہیں۔ شہری علاقوں میں بنیادی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر سال 148 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ ریاست کے 2004ء شہروں میں 2,802 فضائی گاڑیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ شہری علاقوں میں 1,018 نرسریز جی ایچ ایم سی کے حدود میں 500 نرسریز قائم کئے گئے ہیں۔ ریاست میں 116 مارکٹس تعمیر کئے جارہے ہیں۔ سال 2021-22 کے جٹ میں ان مارکٹس کی تعمیرات کیلئے خصوصی بجٹ مختص کیا جائے گا۔ تلنگانہ کے 90 مقامات پر اربن فاریسٹ بلاکس کو ترقی دی جارہی ہے۔ تمام شہروں میں ہر ماہ ہر گھر کو 20 ہزار لیٹر مفت پانی سربراہ کیا جارہا ہے۔ آبپاشی پراجیکٹس کی تعمیرات تیزی سے جاری ہیں۔ کالیشورم دنیا کا سب سے بڑا لفٹ اریگیشن پراجیکٹ ہے۔ زیرالتواء پراجیکٹس کی تکمیل سے مزید 16 لاکھ ایکر فاضل اراضی کو پانی سیراب ہورہا ہے۔ مشن کاکتیہ اسکیم سے زیرزمین 4 میٹر پانی میں اضافہ ہوا ہے۔ زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے مفت برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ دیڑھ کروڑ ایکر اراضی پر کاشت ہورہی ہے۔ ملک کا 55% فیصد اناج تلنگانہ میں پیدا ہورہا ہے۔ محکمہ مال میں کئے گئے اصلاحات کے مثبت نتائج برآمد ہورہے ہیں۔ دھرانی پورٹل صدفیصد کامیاب ہوا ہے۔ کورونا بحران کے دوران بھی ریتو بندھو اسکیم پر عمل کیا گیا۔ ابھی تک اس اسکیم کے تحت 7,351 کروڑ روپئے تقسیم کئے گئے۔ 50% سبسڈی کے ساتھ ٹریکٹرس، زرعی اشیاء فراہم کی گئیں، بلاوقفہ برقی سربراہی میں ریاست تلنگانہ کو کامیابی حاصل ہوئی۔ تمام شعبوں کو 24 گھنٹے معیاری برقی سربراہ کی جارہی ہے۔ 16,245 میگاواٹ برقی پیداوار میں اضافہ ہوا۔