تلنگانہ میں آئندہ 4 دنوں میں بارش کا امکان

   

حیدرآباد19 مئی (سیاست نیوز) محکمہ موسمیات نے کہا کہ تلنگانہ بھر میں آئندہ چار دنوں کے دوران ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ ریاست میں کریمنگر ‘ جئے شنکر بھوپال پلی ‘ پیدا پلی ‘ ملگ ‘ ہنمکنڈہ اور ورنگل کو چھوڑ کر تمام اضلاع کیلئے زرد الرٹ جاری کردیا گیا ہے ۔ محکمہ کا ہنا ہے کہ ریاست بھر میں گرج چمک اور بجلی گرنے کے واقعات پیش آسکتے ہیں۔ محکمہ نے کہا کہ شمال ۔ جنوبی موسمی تبدیلیوں کا جو سلسلہ وسطی مدھیہ پردیش سے شروع ہوا تھا اب داخلی ٹاملناڈو تک پہونچ رہا ہے اور یہ مرٹھواڑہ و داخلی کرناٹک تک پہونچ سکتا ہے ۔ جمعرات کو ناگرکرنول ‘ ونپرتی ‘ گدوال ‘ نارائن پیٹ ‘ سوریہ پیٹ اور محبوب نگر میں کچھ مقامات پر شدید بارش ہوئی ہے ۔ محکمہ موسمیات کی پیش قیاسی کے بموجب حیدرآباد میں اعظم ترین درجہ حرارت 35.6 ڈگری سلسئیس ریکارڈ کیا گیا ۔ آئندہ دو دنوں میں شہر میں مطلع ابرآلود رہے گا اور کچھ علاقوں میں ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے ۔ اعظم ترین درجہ حرارت 36 ڈگری سلسئیس کے آس پاس ہی رہنے کا امکان ہے ۔ اطلاعات میں کہا گیا ہے کہ شہر کے مضافاتی علاقوں میں بھی آج جمعرات کو ہلکی سے اوسط بارش ہوئی ۔