تلنگانہ میں طبقاتی سروے رپورٹ جاری، مسلم اقلیت آبادی میں 12.56%

,

   

پسماندہ مسلمان% 10.08 درج ، تعلیمی اور معاشی سطح پر 242 طبقات کی صورتحال کا جائزہ، ایس سی ۔ایس ٹی طبقات کی حالت ابتر

حیدرآباد ۔16۔ اپریل (سیاست نیوز)تلنگانہ میں حکومت کے جامع سروے کی رپورٹ کو ڈائریکٹوریٹ برائے معاشیات و اقتصادیات کے ذریعہ جاری کردیا گیاہے۔ رپورٹ میں جامع سروے کی مکمل تفصیلات کو شامل کرتے ہوئے ریاست میں مذہب اور ذات پات کی بنیاد پر آبادی اور ان کے سماجی ‘ معاشی ‘ تعلیمی موقف کے علاوہ سیاسی موقف کے سلسلہ میں تفصیلات پیش کی ہیں۔ رپورٹ میں آبادی کا تذکرہ کرتے ہوئے کہاگیا ہے کہ ریاست میں مجموعی طور پر مسلمانوں کی آبادی44لاکھ 54ہزار ہے اور مسلمانو ںکی آبادی کا تناسب 12.56 بتایا گیاہے۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ ریاست میں جملہ 3کروڑ 54 لاکھ 577 نفوس پر مشتمل آبادی ہے۔ رپورٹ کے منظر عام پر آنے کے ساتھ ہی ریاست تلنگانہ کے مختلف طبقات بالخصوص بی سی ‘ ایس سی اور ایس ٹی کے علاوہ او بی سی اپنے معاشی و سماجی موقف کے علاوہ تعلیمی و سیاسی موقف کے متعلق جائزہ لینے کا عمل شروع کرچکے ہیں جبکہ رپورٹ میں کی گئی نشاندہی میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ تلنگانہ میں ایس سی اور ایس ٹی طبقات کی حالت انتہائی ابتر ہے۔ رپورٹ میں مجموعی طور پر پسماندگی کے جو اعداد وشمار پیش کئے گئے ہیں ان میں یہ دعویٰ کیا گیا ہے کہ ریاست میں جملہ آبادی کا 67 فیصد حصہ مجموعی طور پر پسماندگی کا شکار ہے اور اگر طبقہ کے اعتبار سے نشاندہی کی جائے تو ایسی صورت میں 99 فیصد قبائیلی یعنی ایس ٹی ‘ 97 فیصد دلت یعنی ایس سی اور 71 فیصد بی سی طبقات سے تعلق رکھنے والوں کو مجموعی طور پر پسماندگی کا شکار 67 فیصد آبادی میں شامل رکھا گیا ہے۔ رپورٹ میں پیش کی گئی تفصیلات میں ریاست میں موجود مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے علاوہ طبقات سے تعلق رکھنے والوں کی جامع تفصیلات پیش کی گئی ہیں اور اس رپورٹ میں قرض حاصل کرتے ہوئے زندگی گذارنے کے علاوہ گاڑیوں کے لئے قرض حاصل کرنے والوں کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں ۔ حکومت نے جو رپورٹ جاری کی ہے اس کے مطابق ریاست میں بی سی (ای ) طبقہ میں شامل مسلم شیخ زمرہ سے تعلق رکھنے والے مسلمانوں کی آبادی 27لاکھ 95ہزار 727 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ مسلم دھوبی جو کہ بی سی (ای) زمرہ میں شامل ہیں ان کی آبادی 1لاکھ 26ہزار438 ریکارڈ کی گئی ہے۔اس کے علاوہ تفصیلات میں بی سی (ای) زمرہ میں شامل طبقات حجام‘ فقیر ‘ عطار ‘ لبی ‘ قریش کی تفصیلات بھی فراہم کی گئی ہیں۔ تلنگانہ میں مجموعی طور پر بی سی ای زمرہ میں قریش برادری سے تعلق رکھنے والوں کی آبادی 1لاکھ 619 بتائی گئی ہے۔تلنگانہ میں مسلمانوں کی بی سی (ای) زمرہ کے علاوہ آبادی کے متعلق رپورٹ میں دعویٰ کیاگیا ہے کہ تلنگانہ میں بی سی (ای) مسلمانوں کے علاوہ 6لاکھ 32ہزار 782 مسلمان ہیں۔تلنگانہ میں آبادی ‘طبقات کے اعتبار سے پسماندگی کی زمرہ بندی میں سب سے زیادہ پسماندہ دلتوں میں ایس سی زمرہ میں پائی جانے والی ذات دکلی اور بیڈا ہے جبکہ ایس ٹی طبقہ میں میں نکالہ اور بی سی(ای) زمرہ میں پائے جانے والے ترک مسلم ‘ اور فقیر مسلم انتہائی پسماندہ طبقات میں شامل ہیں۔3